لندن//
برطانیہ کی وزارت دفاع نے جمعہ کو کہا کہ روس نے یوکرین میں لوہانسک علاقے کے 90 فیصد حصے پر اپنا کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور امکان ہے کہ یہ اگلے دو ہفتوں میں مکمل روسی کنٹرول میں آجائے گا۔لوہانسک اوبلاسٹ یوکرین کا سب سے مشرقی انتظامی علاقہ ہے۔
برطانیہ کی وزارت نے کہا کہ روسی افواج یوکرین کے دارالحکومت کیف اور حکومت کے مراکز پر قبضہ کرنے کے اپنے ابتدائی مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
وزارت نے ٹویٹس کی ایک سیریز میں کہاکہ مضبوط یوکرین مزاحمت کی کمی اور پہلے 24 گھنٹوں میں ہوسٹومیل ایئر فیلڈ کو محفوظ بنانے میں ناکامی کی وجہ سے روسی جارحیت کو روکا نہیں جا سکا۔ وزارت نے کہاکہ ابتدائی منصوبے کی ناکامی کے بعد، غلط حقائق پر مبنی منصوبوں اور ناقص حکمت عملی پر عملدرآمد کیا گیا جبکہ روس نے ڈون باس پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک درست حکمت عملی اپنا کر کامیابی حاصل کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ روس اب ڈان باس میں اسٹریٹجک کامیابی حاصل کر رہا ہے۔
وزارت نے کہاکہ روسی فوج نے سبقت بنالی ہے اور فی الحال یوکرین کی فوج پر حاوی نظر آ رہی ہے۔ روس نے یوکرین میں اپنے بہت سے وسائل کو داؤ پر لگا کر کامیابی حاصل کی ہے۔
وزارت نے کہاکہ روس نے لوہانسک اوبلاسٹ کے 90 فیصد سے زیادہ علاقے پر کنٹرول کر لیا ہے اور اگلے دو ہفتوں میں مکمل کنٹرول متوقع ہے۔ یوکرین میں کسی بھی کامیابی کے حصول کے لیے روس کو کافی افرادی قوت اور آلات کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی۔ اس میں مزید وقت لگے گا۔
روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازعہ اپنے 100ویں دن میں پہنچ گیا ہے۔ یہ لڑائی گزشتہ 24 فروری کو شروع ہوئی تھی جب روس نے یوکرین پر زبردست حملہ کیا تھا۔
یواین آئی۔ م ع۔16