سرینگر//
بارہمولہ کے ممبر پارلیمان انجینئر رشید نے بدھ کے روز کہاعمر عبداللہ کو چاہئے کہ وہ مرکزی سرکار سے سٹیٹ ہڈ کی بحالی کا مطالبہ کریں ۔
رشید نے کہاکہ کانگریس پارٹی میں اندرونی خلفشار ہے ، اسی لئے کابینہ میں شامل نہیں ہوئے ۔ا
ن باتوں کا اظہار انجینئر رشید نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ میں عمر عبداللہ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ وہ مرکزی زیر انتظام علاقے کے پہلے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ عمر عبداللہ پراب ذمہ داری ہے کہ وہ مرکزی سرکار سے سٹیٹ کی بحالی کا معاملہ اٹھائے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی سرکار کو بھی عمر عبداللہ کی سربراہی میں منتخب حکومت کو بھر پور سپورٹ دینا چاہئے ۔
کانگریس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انجینئر رشید نے کہاکہ پارٹی میں وزارتوں کے معاملے پر خلفشار پیدا ہو گیا ہے ۔انہوں نے ایک انار سو بیمار کے مصداق کانگریس پارٹی کے اندر سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے اور ان کا یہ دعویٰ کہ سٹیٹ ہڈ کی بحالی کے بعد ہی وہ وزارت میں شامل ہونگے حقیقت سے کوسوں دور ہے ۔
انجینئر رشید نے کہا’’دفعہ ۳۷۰کی بحالی کو لے کر کانگریس کشمیر میں ایک اور جموں میں اس کے برعکس بیانات دے رہی ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا جب تک عمر عبداللہ لوگوں کی بھلائی کی خاطر کام کریں گے اے آئی پی انہیں سپورٹ فراہم کرئے گی لیکن اگر نو منتخب حکومت نے لوگوں کے خلاف کام کیا تو ہم بھی اس کے خلاف ہونگے ۔