نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو عمر عبداللہ کو جموں کشمیر کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد دی اور کہا کہ مرکز جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے ان کے اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے بدھ کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا ، جو ۲۰۱۹ کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پہلی منتخب حکومت ہے جب آرٹیکل ۳۷۰ کو منسوخ کیا گیا تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا’’ عمر عبداللہ جی کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلی ٰ کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد۔ عوام کی خدمت کے لئے ان کی کوششوں کے لئے نیک خواہشات‘‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مرکز جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے ان کے اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عمر عبداللہ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا، جو دوسری مدت کے لئے وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالرہے ہیں اور اپنے دادا شیخ عبداللہ اور والد فاروق عبداللہ کے بعد یہ عہدہ سنبھالنے والے عبداللہ خاندان کی تیسری نسل ہیں۔
پانچ وزراء سکینہ مسعود (ایتو)، جاوید ڈار، جاوید رانا، سریندر چودھری اور ستیش شرما نے بھی عہدے کا حلف لیا۔
ایتو اور ڈار کا تعلق وادی کشمیر سے ہے جبکہ رانا، چودھری اور شرما کا تعلق جموں خطے سے ہے۔