نئی دہلی//
مہاراشٹر میں ایک ہی مرحلے میں۲۰نومبر کو اسمبلی انتخابات اور جھارکھنڈ میں دو مرحلوں میں۱۳؍اور ۲۰ نومبر کو اسمبلی انتخابات ہوں گے ، جب کہ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی۲۳نومبر کو ہوگی۔
پندرہ ریاستوں کی۴۷؍اسمبلی سیٹوں اور کیرالہ کی وایناڈ پارلیمانی سیٹ پر۱۳نومبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے ۔ ناندیڑ پارلیمانی سیٹ اور مہاراشٹر کی ایک اور اسمبلی سیٹ کیلئے۲۰نومبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے ۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے رائے دہندوں بالخصوص شہری ووٹروں سے پرزور اپیل کی کہ وہ جمہوریت کے جشن میں جوش و خروش سے حصہ لیں۔ ان کے ساتھ الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو بھی موجود تھے ۔ اس کے ساتھ ہی ان دونوں ریاستوں میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ نافذ ہو گیا ہے ۔
کمار نے کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی کی۲۸۸نشستوں کیلئے انتخابی نوٹیفکیشن ۲۲؍اکتوبر کو جاری کیا جائیگا اور۲۹ ؍اکتوبر تک نامزدگی داخل کیے جا سکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال۳۰؍اکتوبر کو ہوگی اور۴نومبر تک نام واپس لیے جاسکتے ہیں۔ ریاست میں۲۰نومبر کو ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہوں گے ۔
جھارکھنڈ اسمبلی کی۸۱میں سے۴۳سیٹوں کے لیے پہلے مرحلے کے انتخابات کا نوٹیفکیشن۱۸؍اکتوبر کو جاری کیا جائے گا اور کاغذات نامزدگی۲۵؍اکتوبر تک داخل کیے جا سکیں گے ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال۲۸؍اکتوبر کو ہو گی جبکہ۳۰؍اکتوبر تک نام واپس لیے جا سکیں گے ۔ انتخابات۱۳نومبر کو ہوں گے ۔ ریاست میں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ۳۸سیٹوں کے لیے ۲۲؍اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور کاغذات نامزدگی۲۹؍اکتوبر تک داخل کیے جائیں گے ۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال۳۰؍اکتوبر کو ہو گی جبکہ۴نومبر تک نام واپس لیے جا سکیں گے ۔ اس مرحلے میں ۲۰نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی۲۳نومبر کو ہوگی۔
کمار نے کہا کہ ان اسمبلی انتخابات کے ساتھ۱۵ریاستوں کی۴۸؍اسمبلی سیٹوں اور دو ریاستوں میں دو لوک سبھا سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات بھی کرائے جائیں گے ۔ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ساتھ۱۳ نومبر کو کیرالہ کی وایناڈ پارلیمانی سیٹ اور۴۷؍اسمبلی سیٹوں کیلئے ضمنی انتخابات ہوں گے ۔
اس کے علاوہ ناندیڑ پارلیمانی سیٹ اور مہاراشٹر کی ایک اور اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخابات۲۰نومبر کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے ساتھ ہوں گے اور۲۳نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔