نئی دہلی//نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے سائیکل کے عالمی دن کے موقع پر میجر دھیان چند اسٹیڈیم، نئی دہلی میں مرکزی وزیر قانون و انصاف کرن رجیجو، مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ منڈاویہ، وزیر مملکت برائے خارجہ امور اور ثقافت محترمہ میناکشی لیکھی کی موجودگی میں ملک گیر پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر صحت اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر ہرش وردھن، رکن پارلیمنٹ منوج تیواری، ایم پی رمیش بدھوڑی، سکریٹری، یوتھ افیئر ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری سنجے کمار، اسپورٹس سکریٹری محترمہ سجاتا چترویدی اور وزارت کے دیگر افسران موجود تھے۔
ٹھاکر نے دہلی میں ایک سائیکل ریلی کی قیادت کی۔ یہاں ریلی دھیان چند اسٹیڈیم سے شروع ہوئی۔ ان کے ساتھ ریلی میں کئی وزراء اور اراکین پارلیمنٹ بھی شامل ہوئے۔ دہلی میں 7.5 کلومیٹر کی ریلی میں 1500 سے زیادہ لوگوں نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ این وائی کے ایس نے 75 مشہور مقامات سمیت 35 ریاستوں/مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے دارالحکومتوں میں 100 سے زیادہ مقامات پر سائیکل ریلیوں کا اہتمام کیا ہے۔ اس دوران ہرایک ریلی میں 75شرکاء نے 7.5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
سائیکل ریلی کو جھنڈی دکھاکر روانہ کرنے سے پہلے ٹھاکر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے۔ نوجوانوں کے امور اور کھیل کی وزارت نے ہندوستان کی آزادی کے 75ویں سال ہندوستان کے داخل ہونے پر ’ہیلدی انڈیا‘ کی حوصلہ افزائی کرنے کے عزم کے ساتھ پورے ملک میں سائیکل ریلیاں منعقد کرنے کا منفرد قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد لوگوں کو جسمانی طور پر فٹ رہنے کے لیے سائیکل چلانے کی عادت کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں شامل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
انہوں نے کہا، “وزیر اعظم نریندر مودی کا ماننا ہے کہ ملک کے لوگوں کو فٹنس مہم میں شامل ہونا چاہئے۔ سائیکل کے عالمی دن کے موقع پر ہم یہ واضح پیغام دے رہے ہیں کہ ہر شخص کو سائیکلنگ کو اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ سائیکلنگ آپ کو صحت مند رکھے گی اور صاف ہندوستان کی تعمیر میں مدد کرے گی۔
ٹھاکر نے کہا کہ سائیکل چلا کر فٹ انڈیا موومنٹ، کھیلو انڈیا موومنٹ، کلین انڈیا موومنٹ اورہیلدی انڈیا موومنٹ سب کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ اس سے آلودگی کی سطح کو کم کیا جا سکتا ہے۔ سائیکل کے استعمال سے ہم نہ صرف خود کو صحت مند رکھتے ہیں بلکہ فٹ انڈیا کا پیغام بھی دیتے ہیں۔ منسکھ منڈاویہ، کرن رجیجو کی مثالیں دیتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ ان وزراء نے ہمیشہ سائیکل کو نقل و حمل کے ذرائع کے طور پر استعمال کرکے اس کی حوصلہ افزائی کی اوردوسروں کوترغیب دی ہے۔
نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت نے آزادی کا امرت مہوتسو انڈیا@75 تقریب کے حصے کے طور پر آج ملک بھر میں ورلڈ سائیکل ڈے کا اہتمام کیا ہے۔