پنچکولہ// کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا آغاز ہفتہ کو ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگا جس میں دفاعی چیمپئن مہاراشٹرا اور ہریانہ کے درمیان برتری کے لئے مقابلہ ہوگا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال اور مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر افتتاحی تقریب میں مہمانان خاص ہوں گے جس میں مقبول ریپر رفتار پرفارم کریں گے۔
کھیلوں کے مرکزی وزیر مملکت نشیتھ پرمانک، ہریانہ کے نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالہ اور ہریانہ کے وزیر کھیل سندیپ سنگھ بھی کھچا کھچ بھرے تاؤ دیوی لال اسپورٹس کمپلیکس میں مہمان خصوصی میں موجود ہوں گے۔
ملک کو کئی اولمپک اور ایشیائی کھیلوں کے فاتح دینے والے ہریانہ نے 2018 میں پہلے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کی تھی۔ لیکن مہاراشٹرا نے اگلے ہی سال اپنے گھرپر ان کھیلوں کاپورافائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیبل میں نمبرایک مقام حاصل کرلیاتھا۔ مہاراشٹرا نے 85 طلائی تمغے جیتے تھے اور ہریانہ 62 طلائی تمغے کو دوسرے مقام پرچھوڑ کرپونے میں نیا چیمپئن بن گیا تھا۔ مہاراشٹر نے گوہاٹی میں اگلے ایڈیشن میں اپنا دبدبہ برقراررکھتے ہوئے 78 طلائی تمغے جیتے، جو اس کے قریبی حریفوں سے 10 زیادہ تھے۔
اب میزبان کے طور پر، ہریانہ پچھلی شکست کاحساب برابر کرنے کے لئے بے چین ہے۔ ہریانہ نے نہ صرف اپنے لئے مہاراشٹر کو پیچھے چھوڑنے کا ہدف رکھا ہے بلکہ وہ 100 گولڈ میڈل سے بھی آگے جانا چاہتا ہے۔ ہریانہ ریسلنگ، باکسنگ اور ایتھلیٹکس میں جتناممکن ہوسکے، اتنے میڈل جیتناچاہتاہے، اس کے علاوہ وہ ٹیم ایونٹ میں بھی تمغے جیتنا چاہتا ہے۔
ہریانہ کو ساتھ ہی مہاراشٹر پر بھی نظر رکھنی ہوگی، جو اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے تیراکوں، نشانے بازوں، جمناسٹوں اور ویٹ لفٹرز پر بھروسہ کر رہا ہے۔ ہریانوی دستہ کی سربراہ ویشالی شرما نے کہا، ’’ہم اوورآل چیمپئن شپ جیتنا چاہتے ہیں اور وہ بھی ریکارڈ فرق سے اور ہم نے اپنی ٹیموں کو تیار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔
ہریانہ 396 رکنی اسکواڈ کو میدان میں اتار رہا ہے جو کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2021 میں سب سے بڑا ہے اور وہ ہر کھیل میں حصہ لیں گے۔ ہریانہ نے ریاست کے مختلف مقامات پر تین چھوٹے کیمپ لگائے تھے۔ اسپورٹس ڈائریکٹر پنکج نین ذاتی طور پر کھلاڑیوں کی پیشرفت کی نگرانی کر رہے تھے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ انہیں بہترین سہولیات میسر آئیں۔
ریاست کا محکمہ کھیل اپنے کھلاڑیوں کے بیٹھنے کے بہترین انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹینڈ کو ان کے مداحوں اور ان کے اہل خانہ کے ممبران سے پرکرنے کے لئے بھی خصوصی انتظامات کر رہا ہے۔