نئی دہلی/ 14 اکتوبر
سپریم کورٹ نے مرکزی وزارت داخلہ کی سفارشات پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کو اسمبلی کے لیے پانچ ارکان نامزد کرنے کے اختیار کو چیلنج دینے والی عرضی پر سماعت کرنے سے پیر کو انکار کر دیا۔
جسٹس سنجیو کھنہ کی صدارت والی بنچ نے درخواست گزار کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی سے کہا کہ ہائی کورٹ جائیں۔
جسٹس سنجے کمار پر مشتمل بنچ نے یہ واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئین ہند کے آرٹیکل 32 کے تحت دائر موجودہ عرضی پر غور کرنے اور درخواست گزار کو آئین ہند کے آرٹیکل 226 کے تحت رٹ پٹیشن کے ذریعہ دائرہ اختیاری ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی آزادی دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔
جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 اور جموں و کشمیر تنظیم نو ترمیمی ایکٹ 2013 کے مطابق تمام پانچ نامزد ارکان کو حکومت کی تشکیل میں ووٹنگ کا حق حاصل ہوگا۔
نامزد ارکان میں دو خواتین، دو کشمیری پنڈت بے گھر برادری سے ہوں گی، جن میں کم از کم ایک خاتون اور ایک مغربی پاکستان کے پناہ گزین شامل ہیں۔
جمعہ کو نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے سرینگر میں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔
90 رکنی اسمبلی میں نیشنل کانفرنس کے 42 ارکان ہیں جبکہ اس کی حلیف کانگریس اور سی پی آئی ایم کے بالترتیب 6 اور ایک رکن ہے۔ بی جے پی کے پاس 29، پی ڈی پی کے تین، عام آدمی پارٹی اور پیپلز کانفرنس کے پاس ایک ایک اور سات آزاد امیدوار ہیں۔
اسمبلی انتخاب جیتنے والے 7 آزاد امیدواروں میں سے زیادہ تر نے نیشنل کانفرنس کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں پیارے لال شرما، ستیش شرما، محمد چودھری اکرم، ڈاکٹر رامیشور سنگھ اور مظفر اقبال خان شامل ہیں۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے واحد فاتح معراج ملک نے بھی کہا ہے کہ وہ نیشنل کانفرنس کی حمایت کریں گے۔
عبداللہ نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر کابینہ کا پہلا کام ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لئے ایک قرارداد منظور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کابینہ کا پہلا کام ہونا چاہئے کہ وہ ایک قرارداد منظور کرے جس میں مرکز سے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لئے کہا جائے۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ کو قرارداد کے ساتھ دہلی جانا چاہئے اور حکومت سے ہماری ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لئے کہنا چاہئے۔
عمر عبداللہ نے اعتراف کیا کہ اس بات کے خدشات ہیں کہ یونین ٹریٹری سیٹ اپ میں حکومت کے پاس محدود اختیارات ہوسکتے ہیں۔