سری نگر//
ضلع انتظامیہ گاندربل کا کہنا ہے کہ سالانہ میلہ کھیر بھوانی مذہبی تزک و احتشام اور انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ میلہ ملتوی ہونے کے بارے میں سوشل میڈیا رپورٹس بے بنیاد ہیں۔
یہ جانکاری ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے جمعرات کو میڈیا کے ساتھ گفتگو کے دوران فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے کچھ رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ میلہ کھیر بھوانی ملتوی ہوا ہے ۔
شیامبیر کا کہنا تھا کہ یہ سب رپورٹس بے بنیاد ہیں اور ضلع انتظامیہ اس میلے کے لئے پہلے سے ہی انتظامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں خیمے بھی نصب کئے گئے ہیں اور لائٹس بھی لگائی جا رہی ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ اس میلے کو مذہبی تزک و احتشام سے منایا جائے گا۔انہوں نے کشمیری پنڈتوں سے اس میلے میں بھر پور انداز میں شرکت کرنے کی اپیل کی۔
اس موقع پر ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر نے بتایا کہ میلہ کھیر بھوانی کے انعقاد کے لئے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تمام سطحوں پر چوکسی کو بڑھا دیا گیا ہے اور شبانہ اور دن کی گشت کو بھی شروع کیا گیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ تولہ مولہ میں واقع کھیر بھوانی کشمیری پنڈتوں کی ایک مقدس جگہ ہے جہاں پر رگنیا دیوی جو ان کی ایک مقدس دیوی ہیں، کی مندر ہیں۔ کشمیری پنڈتوں کے مطابق رگنیا دیوی صرف کشمیر میں پوجی جاتی ہیں۔
اس مندر میں کشمیری پنڈت’میلہ کھیر بھوانی‘کے نام سے مشہور تہوار ہر سال مناتے ہیں۔ میلہ کھیر بھوانی کو کشمیری پنڈتوں کا سب سے بڑا اور اہم تہوار مانا جاتا ہے ۔