سری نگر//
چیف سیکریٹری‘ ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج یہاں یو ٹی میں بنائے جانے والے قومی شاہراہوں سمیت مختلف سڑکوں کے پروجیکٹوں کی حالت کا جائزہ لیا ۔
چیف سیکریٹری نے عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ان تمام پروجیکٹوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کیلئے اپنے ہدف کے طور پر اس کو شامل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت کیلئے قومی شاہراہوں پر کریش بیرئیرز ، سائن بورڈز ، پیرا پیٹس لگانے کا کام اس ماہ کی ۱۵ تاریخ سے پہلے کر لیا جائے ۔
ڈاکٹر مہتا نے ضلع انتظامیہ کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ قومی شاہراہوں پر ان پر خوشگوار سفر کیلئے کھانے پینے کی اشیاء ، واش رومز وغیرہ کی دستیابی کا بھی جائیزہ لیں ۔
چیف سیکریٹری نے سرینگر جموں شاہراہ پر تعمیر کی جا رہی پانچ سرنگوں کی حالت کے بارے میں دریافت کیا جو سڑک کو مزید قابلِ اعتماد بنانے کے ساتھ ساتھ ان شہروں کے درمیان سفر کے وقت میں کافی حد تک کمی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ ان سرنگوں پر کام کو تیز کریں تا کہ یہ سب بروقت عوام کیلئے وقف ہوں ۔
نئی سڑکوں کی تعمیر کیلئے مواد کی دستیابی کے حوالے سے چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں سے معدنیات کی کان کنی کیلئے آن لائن اجازت نامے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دن کی روشنی کے اوقات میں بھی نقل و حمل کی اجازت دینے کے امکانات کا جائیزہ لینے کو کہا ۔
ڈاکٹر مہتا نے جموں ، سرینگر سیمی رنگ روڈ پروجیکٹس ، دہلی ۔ امرتسر ۔ کٹڑہ ہائی وے ، شوپیاں ۔قاضی گنڈ بائی پاس ، کٹھوعہ ۔ بسوہلی ۔ بنی روڈ ، سرینگر ۔ سونہ مرگ روڈ ، زیڈ موڑ ٹنل پروجیکٹ ، چنینی ۔ سدھ مہادیو روڈ ، اکھنور ۔ پونچھ روڈ ، سرینگر ۔ بارہمولہ ۔ اوڑی روڈ اور جموں اور سرینگر شہروں میں بہت سی دیگر اندرونی شہر کی سڑکیں شامل ہیں،جیسی سڑکوں کی حالت کا جائیزہ لیا ۔
میٹنگ میں ان سڑکوں کے منصوبوں سے متعلق مسائل اور ان کے متعلقہ حل پر غور کیا گیا ۔ چیف سیکریٹری نے ان میں سے ہر ایک کیلئے متوقع ڈیڈ لائن پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ان سڑکوں کے پروجیکٹوں کو یو ٹی کے لوگوں کیلئے انتہائی اہم قرار دیا گیا اور عوام کی بھلائی کیلئے ان کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے کام کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔