چتردرگہ//کرناٹک کے پتردرگ ضلع کی ایک عدالت نے منگل کو مروگا مٹھ کے مہنت شیومورتی شرن کو جنسی جرائم سے بچوں کے تحفظ (پوکسو) ایکٹ کے تحت جنسی زیادتی کے معاملے میں گواہوں سے پوچھ گچھ مکمل ہونے کے بعد منگل کو ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے شرن کو ضمانت دیتے ہوئے ان کے چتردرگ ضلع میں داخلے پر روک لگادی ہے اور کہا کہ وہ داونگیرے میں مٹھ اکائی میں رہیں گے ۔
ضمانت ملنے کے بعد، شرن نے قانونی کارروائی کے بارے میں امید ظاہر کرتے ہوئے کہا، ”میں صرف یہ کہوں گا کہ بھگوان کی کرپا سے میں آج جیل سے باہر ہوں۔ قانونی جنگ جاری ہے اور مجھے امید ہے کہ سچ کی فتح ہوگی۔
مروگھا مٹھ کے عبوری سربراہ بسواپربھو سوامی نے عدالت کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ہمیں خوشی ہے کہ آخرکار وہ جیل سے رہا ہو گئے ہیں۔”
شرن کو ستمبر 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا اور تب سے وہ چتردرگ ڈسٹرکٹ جیل میں بند تھے ۔ مٹھ کے زیر انتظام ادارے کی لڑکیوں کی جانب سے جنسی بدسلوکی کی شکایت درج کرانے کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے ابتدائی طور پر نومبر 2023 میں انہیں ضمانت دی تھی، لیکن بعد میں سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا کہ انہیں 13 گواہوں سے پوچھ گچھ کے بعد ہی رہا کیا جا سکتا ہے ۔
شرن کے خلاف 26 اگست 2022 کو درج کی گئی پہلی ایف آئی آر میں پوکسوایکٹ کے تحت الزامات شامل ہیں، جب کہ بعد کی شکایات میں مٹھ کے باورچی کے خلاف الزامات شامل تھے ، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سنت نے مٹھ کے احاطے میں بیٹیوں اور دیگر نابالغوں کو جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔










