سرینگر//
جموں و کشمیر کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا کہ کانگریس،این سی اتحاد مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اگلی حکومت تشکیل دینے کیلئے آرام دہ پوزیشن میں ہے۔
قرہ نے کہا’’یہ انتخاب بنیادی طور پر بی جے پی کو اقتدار کی راہداریوں سے دور رکھنے، ریاست کا درجہ بحال کرنے کے ساتھ ساتھ زمین اور روزگار کی گارنٹی دینے کے لیے تھا۔ میں (کانگریس،این سی) اتحاد کو حکومت بنانے کیلئے آرام دہ پوزیشن میں دیکھ رہا ہوں‘‘۔
کانگریسی لیڈر نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ تقسیم کرنے والی طاقتوں اور نفرت پھیلانے والوں کے خلاف حکومت کی تشکیل ہے۔
قرہ نے کہا کہ لوگوں نے اپنی حقیقی شکایات کے ازالے کے لئے ووٹ دیا کیونکہ راج بھون اور سول سکریٹریٹ دونوں میں اقتدار کے اعلیٰ عہدوں نے بادشاہوں کی طرح کام کیا ہے۔ بی جے پی کو عوام کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ انہوں نے گزشتہ ۱۰ سالوں میں کیا کیا ہے۔
کانگریس کے یونٹ صدر نے کہا کہ بی جے پی کو نیشنل کانفرنس اور کانگریس پر دہشت گردی کو دوبارہ زندہ کرنے کا الزام لگانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ ’’پچھلے ۱۰ سالوں میں صرف گول پوسٹ تبدیل ہوا ہے۔‘‘