جموں//
وزیر اعظم نریندر مودی۲۸ ستمبر کو جموں کا دورہ کریں گے جہاں وہ مولاناآزادمیموریل اسٹیڈیم ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
بی جے پی جموں کشمیر کے سینئر رہنماؤں نے وزیر اعظم کی آمد سے پہلے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آج ایم اے ایم اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔
بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگ، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اورجموں وکشمیربھارتیہ جنتاپارٹی کے کارگزار صدر ست شرما نے ایم اے ایم اسٹیڈیم کا معائنہ کیا جہاں وزیر اعظم کا جلسہ منعقد ہونا ہے۔ رہنماؤں نے جلسے کے انتظامات، سکیورٹی اقدامات اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تیاریوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
وزیر اعظم مودی اس جلسے میں جموں، سانبہ ،ا دھم پوراورکٹھوعہ اضلاع کے بی جے پی امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے۔
ان اضلاع میں انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو ہوگا۔ اس جلسے کو تاریخی حیثیت دی جا رہی ہے، کیونکہ وزیر اعظم مودی اس میں شرکت کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کی حمایت میں عوام سے خطاب کریں گے۔
بی جے پی کے مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی تقریر پارٹی کے امیدواروں کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی، اور اس سے بی جے پی کی انتخابی پوزیشن مضبوط ہوگی۔
ترون چگ، جی کشن ریڈی اور ست شرمانے انتظامات پراپنے اطمینان کااِظہارکرتے ہوئے اْمیدظاہرکی کہ یہ ایک عظیم الشان ریلی ہوگی جس میں زبردست عوامی شرکت ہوگی کیونکہ جموں وکشمیرکے لوگوں کو وزیراعظم نریندرمودی سے انتہائی لگاؤ ہے جنہوں نے جموں وکشمیرکوامن کاگہوارہ بناکریہاں تعمیروترقی اورخوشحالی کی بہارلائی ہے اور اس بہار کوبنائے رکھنے کیلئے لوگ یہاں بھاجپاکی اکثریت کیساتھ سرکار چاہتے ہیں۔