سرینگر//
چیف الیکٹورل آفیسر(سی ای او) پی کے پولے نے جمعرات کو کہا کہ حکومت شمالی کشمیر کے سرحدی علاقوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی صورت میں پلان بی کے ساتھ تیار ہے اور پہلے اور دوسرے مرحلے کی طرح پرامن انتخابات کی امید ظاہر کی ہے۔
بانڈی پورہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پولے نے کہا کہ اگر شمالی کشمیر کے سرحدی علاقوں میں انتخابات کے دوران کوئی خلل پڑتا ہے تو وہ پلان بی کے ساتھ تیار ہیں۔
سی ای او نے کہا کہ وادی میں پہلے دو مرحلے پرامن طریقے سے ہوئے کیونکہ لوگوں اور سیکورٹی فورسز نے امن برقرار رکھا تھا۔
پولے نے کہا کہ لوگ اب ووٹ ڈالنے اور جمہوریت کے تہوار میں حصہ لینے کیلئے لمبی قطاروں میں انتظار کرتے ہیں۔’’ ہم نے بانڈی پورہ ضلع میں۳۱۲پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں اور الیکشن کمیشن نے یکم اکتوبر کو انتخابات کیلئے تمام رسمی کارروائیاں مکمل کرلی ہیں۔ میں نے آج سرحدی علاقوں کا دورہ کیا۔ لوگ انتخابات کے دن کا انتظار کر رہے ہیں‘‘۔
سی ای او نے کہا’’ہماری سرحدیں پرامن ہیں، اور ہم امید کرتے ہیں کہ پولنگ کے دن بھی ایسا ہی رہے گا۔‘‘