نئی دہلی//
صدر جمہوریہ‘ دروپدی مرمو نے آج سیاچن بیس کیمپ کا دورہ کیا اور سیاچن وار میموریل میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ یادگار ہندوستانی فوج کے ان فوجیوں اور افسران کی قربانی کی علامت ہے جو۱۳؍اپریل ۱۹۸۴کو شروع ہونے والے’آپریشن میگھ دوت‘کے بعد سے شہید ہوئے تھے ۔
مرمو نے وہاں تعینات فوجیوں سے بھی خطاب کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے انہیں ان پر بہت فخر ہے اور تمام شہری ان کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ اپریل۱۹۸۴میں آپریشن میگھ دوت کے آغاز کے بعد سے ہندوستانی مسلح افواج کے بہادر سپاہیوں اور افسران نے خطے کی سلامتی کو یقینی بنایا ہے ۔ انہیں شدید موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شدید برف باری اور منفی۵۰ڈگری درجہ حرارت جیسے مشکل حالات میں بھی وہ پوری لگن اور چوکسی کے ساتھ اپنے محاذ پر تعینات رہتے ہیں۔ انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں قربانی اور رواداری کی غیر معمولی مثال قائم کی ہے ۔
صدر جمہوریہ نے کہا’’تمام ہندوستانی ان کی قربانی اور بہادری سے واقف ہیں اور ہم ان کا احترام کرتے ہیں ‘‘۔
اس سے پہلے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو دنیا کے بلند ترین میدان جنگ سیاچن کے ایک روزہ دوے کے لئے جمعرات کو لیہہ پہنچیں۔
لداخ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر بریگیڈیئر (ڈاکٹر) بی ڈی مشرا نے تھوائس ایئر فیلڈ پر ان کا استقبال کیا۔
صدر کے سیکرٹریٹ کے صدر مرمو آج سیاچن بیس کیمپ کا دورہ کریں گی اور وہاں تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ بات چیت کریں گی۔
بتادیں کہ صدر مرمو نے سال گذشتہ کے ماہ اکتوبر میں سیاچن کا دورہ کیا تھا اور وہاں مختلف پروگراموں میں شرکت کی تھی۔