نئی دہلی// مرکزی حکومت نے تمل ناڈو حکومت پر آج اس بات کے لئے زور دیا کہ وہ ریاست میں موبائل فون اور دیگر الیکٹرانکس آلات تیار کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنی سیم سنگ الیکٹرانکس کے پلانٹ میں جاری مزدوروں کی ہڑتال کو فوری طور پر ختم کرے ۔
ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ مرکزی وزیر محنت اور روزگار منسکھ منڈاویہ نے تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن سے سیم سنگ پلانٹ میں جاری مزدوروں کی ہڑتال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس کے فوری حل پر زور دیا ہے ۔
کمپنی کے ملازمین سری پیرمبدور میں گزشتہ کئی دنوں سے ہڑتال پر ہیں۔
وزیر اعلیٰ کو لکھے گئے خط میں مسٹر منڈاویہ نے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرے اور مثبت ماحول کو برقرار رکھتے ہوئے متعلقہ تنازعہ کو جلد حل کرے ۔ انہوں نے اس معاملے کو موثر طریقے سے حل کرنے میں ہر ممکن تعاون دینے کا یقین دلایا ہے ۔