سرینگر//
جموں کشمیر میں بدھ کو ہونے والی دوسرے مرحلے کی پولنگ کے پیش نظر ان علاقوں جہاں پولنگ ہونے والی ہے ، میں سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ پائین شہر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جموں و کشمیر کی کل۹۰سیٹوں میں سے چھ اضلاع کی۲۶نشستوں پر بدھ کے روز پولنگ ہوگی جن میں سے کشمیر میں۱۵جبکہ جموں صوبے میں۱۱حلقوں پرووٹ ڈالے جائیں گے ۔
پر امن اور ہموار پولنگ کو یقینی بنانے کیلئے حکام نے ان علاقوں جہاں پولنگ ہونے والی ہے ، میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا ہے اور مختلف مقامات پر چیک پوائنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے کو ٹالنے کیلئے بعض علاقوں میں نگرانی کو سخت کر دیا گیا ہے ۔
ذرائع نے کہا لوگوں کی نقل و حمل پر نظر رکھنے کیلئے اسٹریٹجک چوکیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ فضائی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے ۔
جموںکشمیر میں جن اضلاع میں دوسرے مرحلے کیلئے بدھ کو پولنگ ہو رہی ہے ان میں سری نگر، بڈگام ، گاندربل ،ریاسی، راجوری اور پونچھ شامل ہیں۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ سرینگر‘ ڈاکٹر بلال محی الدین کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے بدھ کو ہونے والے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لئے ضلع سری نگر میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ اولین فرصت میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے جمہوریت کے اس تہوار کو کامیاب بنائیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
محی الدین نے کہا’’ضلع سری نگر کی آٹھ اسمبلی سیٹوں کے۹۳۲پولنگ مرکز پر دوپہر تک پولنگ پارٹیاں پہنچ جائیں گی جس کے لئے تمام تر تیاریوں کو مکمل کیا گیا ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا’’بستیوں کے نزدیک پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں اور کوئی بھی پولنگ مرکز ایسا نہیں ہے جو دو کلو میٹر سے زیادہ دور قائم کیا گیا ہے ‘‘۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ پارلیمانی الیکشن کے دوران سری نگر میں اچھا رسپانس ملا تھا اور اسمبلی انتخابات کے دوران بھی اچھے رسپانس کی امید ہے ۔انہوں نے کہا کہ ’سری نگر کے آٹھ حلقوں پر۹۳؍امید وار میدان میں ہیں لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے من پسند امید وار کو کامیاب بنائیں‘۔
ان کا کہنا تھا’میری لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ اولین فرصت میں ووٹ ڈالیں یہ صرف چھٹی کا دن نہیں ہے بلکہ ایک اہم دن ہے لوگ ووٹ ڈال کر جمہوریت کے تہوار کو کامیاب بنائیں‘۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام پولنگ مراکز پرتمام تر سہولیات کو بہم رکھا گیا ہے ۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ جسمانی طور معذور اور عمر رسیدہ ووٹروں کے لئے بھی تمام سہولیات کو دستیاب رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا’گرچہ ہم نے تمام رائے دہندگان کوووٹر سلپ فراہم کئے ہیں تاہم اگر کسی کے پاس نہیں ہے تو اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ ووٹ نہیں ڈال سکتا ہے ‘۔
محی الدین کا کہنا تھا’ایسے ووٹر کوئی بھی شناختی کارڈ ساتھ رکھ کر ووٹ ڈال سکتے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کیلئے سیکورٹی کے بھی خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔