تو صاحب آج انتخابات… جموںکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہونے جا رہا ہے … اس مرحلے میں اپنے شہر خستہ میں بھی ووٹ ڈالے جائیں گے… لیکن…لیکن صاحب یہ بریکنگ نیوز نہیں ہے… پہلے یہ بریکنگ نیوز ہوا کرتی تھی ‘ جب اپنے شہر خستہ میں ہول سیل میں ووٹ نہیں ڈالے جاتے تھے… بلکہ اِکا دُکا ڈالے جاتے تھے…لیکن ہمیںامید سے زیادہ یقین ہے کہ اب کی بار ایسا نہیں ہو گا اور… اور اپنے اس شہر خستہ مین بھی ووٹ ڈالے جائیں گے… ہول سیل میں ڈالے جائیں … لیکن ہم پھر کہیں گے کہ …کہ جناب یہ بریکنگ نیوز نہیں ہے… اور بالکل بھی نہیں ہے… بریکنگ نیوز یہ ہے کہ یہ مرحلہ طے کرے گا کہ اپنے گورے گورے بانکے چھورے ‘عمر عبداللہ کے خواب بریک ہو جائیں گے یا پھر یہ جناب آخر کار الیکشن میں جیت کا مزہ چکھ لیں گے … اور اگر انہوں نے جیت کا مزہ چکھ لیا تو…تو ہمیں یقین ہے کہ انہیں اس جیت کا مزہ… بہت مزہ آئیگا اور… اور اس لئے آئیگا کیونکہ ہار کے بعد جیت کے معنی ہی کچھ اور ہوتے ہیں…عمر صاحب گاندربل اور بڈگام حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں… یہ جناب کچھ بھی کہیں ‘ لیکن سچ تو صاحب یہ ہے کہ یہ جناب دو دو حلقوں سے اس لئے لڑ رہے ہیں کیونکہ یہ کوئی رسک نہیں لینا چاہتے ہیں… یہ جناب اپنی جیت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں… یہ جناب کسی بھی طرح اسمبلی میں جانا چاہتے ہیں… اورشوق سے جائیں … انہیں کون روکتا ہے…دو میں سے کم از کم ایک سیٹ تو عمر صاحب نکال ہی لیں گے… اور اگر ایسا ہوا کہ انہوں نے دو میں سے صرف ایک سیٹ پر کامیابی حاصل کی تو…تو یہ یقینا ممبر اسمبلی بن جائیں گے … لیکن اس جیت میں کوئی مزہ ‘ کوئی دم خم نہیں ہو گا … بالکل بھی نہیں ہو گا … بلکہ اس جیت کا ذائقہ بارہمولہ کی ہار جیسا ہو گا…دعا ہے کہ ایسا نہ ہو … اور خدا نخواستہ اگر ایسا ہو تا ہے تو… تو یہ تو بریکنگ نیوز بن ہی جائیگی ساتھ میں یہ عمر صاحب کے سیاسی سفر پر بھی بریک لگا سکتی ہے ۔خیر ہمیںیقین ہے کہ ایسا نہیںہو گا اور… اور بالکل بھی نہیں ہو گا … اور گاندربل کے لوگ عمر صاحب… ہمارا مطلب ہے کہ ان کی ٹوپی کی لاج رکھیں گے اور… اور ضرور رکھیں گے ۔ ہے نا؟