مینڈھر/ 21 ستمبر
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ جموں کشمیر میں سرحدوں پر اس لئے امن ہے کیونکہ پاکستان وزیر اعظم نریندر مودی سے ڈرتا ہے۔
شاہ مرکز کے زیر انتظام علاقے پونچھ کے اس سرحدی علاقے میں بی جے پی امیدوار مرتضیٰ خان کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر داخلہ نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوقوں اور پتھروں کی جگہ لیپ ٹاپ اٹھا کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لئے بی جے پی زیرقیادت مرکز کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی حکومت جموں خطے کی پہاڑیوں میں بندوقوں کی گونج نہیں ہونے دے گی۔
شاہ نے کہا کہ ہم لوگوں کی حفاظت کے لئے سرحدوں پر مزید بنکر تعمیر کریں گے۔ ”میں آپ کو 1990 کی دہائی میں سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کی یاد دلانا چاہتا ہوں۔ کیا آج سرحد پار سے فائرنگ ہو رہی ہے“؟ان کا مزید کہنا تھا”اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں کے پہلے کے حکمران پاکستان سے ڈرتے تھے لیکن اب پاکستان مودی سے ڈرتا ہے۔ وہ گولی چلانے کی ہمت نہیں کریں گے لیکن اگر انہوں نے ایسا کیا تو انہیں منہ توڑ جواب دیا جائے گا“۔
وزیر داخلہ تین روزہ دورے پر ہیں اور پونچھ کے سرن کوٹ، راجوری ضلع کے تھانہ منڈی اور راجوری اور جموں ضلع کے اکھنور میں چار اور انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
جموں و کشمیر میں اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی اور سابق ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کرنے کے بعد پہلی بار اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں۔
پہلے مرحلے کی رائے دہی 18 ستمبر کو ہوئی تھی۔ دوسرا مرحلہ 25 ستمبر کو ہوگا، اس کے بعد تیسرا اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو ہوگا۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان 8 اکتوبر کو کیا جائے گا۔