سرینگر//
جنوبی کشمیر کے کولگام کے قاضی گنڈ کے علاقے گنڈی پورہ میں جمعہ کے روز موٹر سائیکل کی ٹکر سے ایک ۲۰ سالہ لڑکی کی موت ہوگئی۔
ایک عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور کو بتایا کہ گنڈی پورہ میں ایک موٹر سائیکل سوار نے لڑکی کو ٹکر مار دی جس کے بعد مقامی لوگوں نے اسے علاج کے لئے جی ایم سی اننت ناگ پہنچایا۔
عہدیادر نے بتایا کہ اسپتال پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
متوفی کی شناخت شازی جان ولد عبدالرشید پرے ساکن گنڈی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
ادھر ضلع رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک سرینگر‘ جموں قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح ایک سڑک حادثے میں تین افراد زخمی ہوگئے ۔
اطلاعات کے مطابق رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک سرینگر، جموں قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح ایک ٹرک سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں۳؍افراد زخمی ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹرک پنجاب سے سری نگر کی طرف جا رہا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ پیش آنے کے فوراً بعد بچائو آپریشن شروع کر دیا گیا اور زخمیوں کو علاج و معالجے کیلئے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا۔