سرینگر/۱۹ستمبر
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ بی جے پی اپنی ناکامیوں کو چھپانے کےلئے عبداللہ‘مفتی اور گاندھی خاندانوںکو نشانہ بنا رہی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سرینگر میں تین خاندانوں کو نشانہ بنایا ہوگا کیونکہ ان کے پاس لوگوں کو دکھانے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔
این سی نائب صدر نے کہا”ہم بی جے پی سے کسی اور چیز کی توقع نہیں کر سکتے۔ پارٹی نے یہاں پچھلے چھ سال ضائع کیے ہیں۔ جموں میں عسکریت پسندی کا احیا ہوا ہے لیکن بی جے پی تین کنبوں کو نشانہ بنانے میں مصروف ہے“۔
ایک سوال کے جواب میں عمر نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے کبھی کسی سوال کا جواب نہیں دیا لیکن ہم کہیں نہیں چھپتے۔
یاد رہے کہ سرینگر میں آج ایکا نتخابی جلسے میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان کا مشن جموں کشمیر کو تین خاندانوں سے آزادی دلانا ہے ۔
تین خاندانوں عبداللہ، مفتی اور گاندھی کے خلاف اپنی تنقید جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تینوں خاندان جموں و کشمیر کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا”ان تین کنبوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں میں خوف اور بے یقینی پیدا کر دی ہے۔ لیکن وقت بدل گیا ہے، ہم لوگوں کو ان کنبوں کے جال میں پھنسنے کی اجازت نہیں دیں گے“۔
مودی نے کہا کہ ان کا مشن دہشت گردی کو شکست دینا ہے اور جموں و کشمیر کو دوبارہ خاندانی حکمرانی کا شکار نہیں ہونے دینا ہے۔ ”یہ پارٹیاں نوجوانوں کو اسکول جانے سے محروم رکھنے کی ذمہ دار ہیں۔ یہ پارٹیاں، نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس اسکولوں کو نذر آتش کرنے کی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کر دیا“۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان کا مشن جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو وافر مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا انتخاب اپنی جگہ پر کریں۔