سرینگر/۱۹ستمبر
وزیر اعظم‘ نریندر مودی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں تین سیاسی خاندانوں کی وجہ سے نوجوانوں کا جمہوریت پر بھروسہ کم ہوا تھا ۔
سرینگر کے شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈئم میں بی جے پی کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہو ئے وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس ‘ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کی سیاست کی وجہ سے نوجوانوں کا جمہوریت پر بھروسہ کم ہوا تھا کیونکہ وہ سوچتے تھے کہ الیکشن کے بعد تو ان ہی تین جماعتوں کو اقتدار میں آنا ہے ۔
وزیرا عظم نے کہا لیکن آج صورتحال بدل گئی ہے اور رات دیر گئے تک انتخابی مہم گھر گھر چل رہی ہے ۔
مودی نے کہا کہ گزشتہ۳۵ برسوں میں لوگ لالچوک آنے سے ڈرتے تھے لیکن آج صورتحال بد ل گئی ہے اور لالچوک کی رونقیں بحال گئی ہے اور وہاں ترنگا لہرا رہا ہے ۔
وزیر اعظم نے تینوں جماعتوں پر کشمیر کی اقلیتوں پر ظلم کا بھی ذمہ دار قراردیا ۔انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں نے کشمیریوں کو بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا۔
مودی نے کہا کہ ان کی حکومت دل اور دہلی دور کرنے میں لگی ہوئی ۔ انہوں نے اس ضمن میں ریلوے لائن کی بات کی اور کہا کہ رابطہ کے ذرایعہ بڑھنے سے سیاحت اور باغبانی ہو فروغ ملے گا ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ خاندانی پارٹیاں پرانا دور واپس لانا چاہتی ہےں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۳۵ برسوں کے دوران تین ہزار دن کشمیر میں ہڑتالیں رہیں جبکہ گزشتہ پانچ برسوں میں۸ گھنٹے بھی بند نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کا کریڈت لوگوں کو جاتا ہے ۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کے لئے سری نگر پہنچے جہاں ان کا پارٹی لیڈروں اورکارکنوں نے والہانہ استقبال کیا۔
وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر جہاں ایک طرف سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیں وہیں شہر سری نگر کو دولہن کی طرح آراستہ و پیراستہ کیا گیا ہے ۔
وزیر اعظم اپنے دورہ جموں و کشمیر کے دوران سری نگر میں شری کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وار میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کے بعد ضلع ریاسی روانہ ہوں گے جہاں وہ قصبہ کٹرہ میں ایک اور ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔
مودی نے جمعرات کی صبح ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا”میں آج جموں و کشمیر کے لوگوں کے درمیان ہوں گا“۔ان کا پوسٹ میں کہنا تھا”سری نگر اور کٹرہ میں ریلیوں سے خطاب کروں گا“۔
وزیر اعظم نے کہا”کل کے ووٹر ٹرن آﺅٹ نے ظاہر کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ انتخابات کے حوالے سے بہت پُر جوش ہیں اور انتخابی عمل کو متحرک بنانے کے خواہشمند ہیں“۔انہوں نے کہا”میں اپنے ترقیاتی ایجنڈے پر بات کروں گا اور لوگوں کا آشیر واد حاصل کروں گا“۔جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ میں گذشتہ روز 59 فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی۔
انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کی پولنگ بالتریب 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو منعقد ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔بتادیں کہ وزیر اعظم کے سری نگر دورے کے پیش نظر ڈرون اور کواڈ کاپٹروں کے آپریشن کے لئے سری نگر شہر کو ’عارضی ریڈ زون‘قرار دیا گیا ہے ۔