سرینگر//
پی ڈی پی لیڈر التجا مفتی کا کہنا ہے کہ جموںکشمیر میں عوامی حکومت بننے کے بعد لوگوں کے مسائل حل ہوں گے ۔
التجا نے کہا کہ یہاں لوگ خاص طور پر نوجوان بہت مایوس ہیں۔
پی ڈی پی امیدوار نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بارے میں انہوں نے کہا’’دس برسوں سے یہاں اسمبلی الیکشن نہیں ہو رہے تھے ایک چیز اچھی ہے کہ اب لوگوں کے مسائل حل ہوں گے کیونکہ اب ان کے نمائندے اسمبلی میں جائیں گے ‘‘۔
التجا کا کہنا ہے’’الیکشن کا انعقاد بہت ضرورہ تھا کیونکہ نوجوان بہت مایوس تھے ، وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود بے روزگار تھے ‘‘۔انہوں نے کہا’’ہمارا نوجوان آج اگر بندوق نہیں اٹھا رہا ہے لیکن وہ منشیات کی لعنت میں پھنس رہا ہے ‘‘۔
بجبہاڑہ سے الیکشن لڑ رہی التجا نے کہا کہ لوگوں کے تمام مسائل کے حل کیلئے جمہوریت کی بحالی ضروری ہے ۔
الیکشن میں پی ڈی پی کی پوزیشن کے بارے میں انہوں نے کہا’’پی ڈی پی ایک اہم رول ادا کرے گی، یہاں کسی پارٹی کی کوئی خاص لہر نہیں ہے یہ کوئی فیصلہ کن منڈیٹ نہیں بلکہ فریکچرڈ منڈیٹ ہوگا‘‘۔
پی ڈی پی کی جیت کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا’’جیت ہماری انشاللہ‘‘۔
التجا نے کہا کہ سال۱۹۸۷کے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی دھاندلیوں کا نتیجہ ہم آج بھی بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد یہاں حالات نے خطرناک رخ اختیار کیا۔
جماعت اسلامی کے الیکشن میں حصہ لینے پر انہوں نے کہا’’جماعت اسلامی کا الیکشن میں حصہ لینا ایک اچھا اقدام ہے ۔‘‘