سرینگر//
ضلع چناؤ آفیسر (ڈی ای او) سری نگرنے الیکشن سے متعلق فرائض میں کوتاہی کے پیش نظر ایک سرکاری آفیسر کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا ہے ۔
اس سلسلے میں ضلع چناؤ آفیسر سرینگر کی طرف سے جاری حکمنامے میں ایک سرکاری آفیسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر گزیٹیئرز یونٹ سرفراز احمد ڈار جو اس وقت محکمہ آرکائیوز ، آرکیا لوجی اینڈ میوزیم کشمیر میں نیشنل رجسٹرآف ریکارڈز آفس سری نگر میں تعینات ہے ،کواسمبلی حلقہ چھانہ پورہ میں آنے والے بر زلہ زون کا زونل مجسٹریٹ مقرر کیا گیا تھا۔
حکمنامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بار بار اطلاع دینے کے باوجود آفیسر نے اپنے فرائض انجام دینے سے انکار کیااور اسے فوری طور پر معطل کیاگیاہے اور اگلے حکم تک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( کے ) سری نگر کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے ۔
حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (کے ) سری نگر اپنے فرائض میں کوتاہی اور آفیسر کی بدسلوکی کی تفصیلی انکوائری کریں گے ۔ وہ ایک ہفتہ کے اندر ضلع چناؤآفیسر سری نگر کو جامع رپورٹ پیش کریں گے ۔
دریں اثنا ضلع چناؤ آفیسر سری نگر نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لئے تعینات تمام افسران اور ملازمین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور تندہی سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آفیسر کے خلاف کارروائی ضلع میں جاری اِنتخابی عمل کے آسان انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے کی گئی ہے ۔