جموں//
جموں کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں منگل کے روز سی آر پی ایف کی گاڑی کے الٹ جانے سے چار جوان زخمی ہوگئے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ سی آر پی ایف کے جوان مرکزی وزیر جتیندر سنگھ کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے بلاور جانے والی پارٹی کا حصہ تھے ، جو وہاں بی جے پی امیدوار ستیش شرما کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کے لئے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پہنچنے والے تھے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ سی آر پی ایف جوانوں کو لے جانے والی ایک گاڑی بلاور کے قریب اس وقت الٹ گئی جب اس کا ایک ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں چار جوان زخمی ہوگئے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ جوانوں کو بعد میں علاج کے لئے بلاور کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا۔
دریں اثناء ضلع پونچھ کے بنوت گاؤں کے قریب آج صبح موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں فوج کا ایک جوان ہلاک ہو گیا۔
افسروں نے بتایا کہ متوفی کی شناخت ۲۲ سالہ محمد افضل کے طور پر کی گئی ہے جو جموں و کشمیر کے باہر تعینات ایک فوجی تھا جو حال ہی میں چھٹی پر گھر لوٹا تھا۔
افضل اپنی موٹر سائیکل پر پونچھ جا رہا تھا کہ اس نے قابو کھو دیا اور نیچے گر گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ (ایجنسیاں)