جموں//
بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے پیر کو کہاکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس جموں وکشمیر کو پھر سے آگ کی بٹھی میں دھکیلنا چاہتی ہیں۔
ٹھاکر نے کہاکہ دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں دہشت گردی اور پتھراو کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے ۔
ان باتوں کا اظہار بی جے پی لیڈر نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
ٹھاکر نے کہاکہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کا اتحاد جموںکشمیر کے عوام کے لئے خطرناک ہے کیونکہ دونوں پارٹیاں دہشت گردوں، علیحدگی پسند لیڈروں اور سنگبازوں کو جیلوں سے رہا کرنے کے لئے پر تول رہی ہیں۔
سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس پبلک سیفٹی ایکٹ کو ختم کرکے علیحدگی پسند لیڈروں اور دہشت گردوں کو جیلوں سے رہا کرنا چاہتی ہیں لیکن بی جے پی انہیں اس کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔
ان کے مطابق نیشنل کانفرنس نے اپنے الیکشن منشور میں شنکریہ آچاریہ اور ہاری پربت کا نام تبدیل کرنے کے بارے میں بھی کہا ہے ۔
ٹھاکر نے کہا’’ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو اپنی سوچ تبدیل کرنی چاہئے کیونکہ بھارت بدل چکا ہے اب وہ وقت نہیں جب دہلی کے حکم پر یہاں جو من میں آتا تھا وہی کیا کرتے تھے ‘‘۔
بی جے پی لیڈر نے سوالیہ انداز میں کہاکہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کیلئے یہ کیسی مجبور ہے کہ وہ پاکستان کا ساتھ دینا ضروری سمجھتی ہیں۔
سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کو ہر سہولیات میسر رکھنے کے وعدئے پر کاربند ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی جموں وکشمیر میں امن و استحکام چاہتی ہے اور ہم نے دفعہ ۳۷۰کوختم کرکے ایک نظیر قائم کی ہے ۔
اس دوران مرکزی وزیر‘ جی کشن ریڈی نے پیر کے روز کہاکہ نہرو ، عبداللہ اور مفتی پریوار نے گزشتہ ستر برسوں سے جموں وکشمیر کو دو دو ہاتھوں لوٹا ہے ۔
ریڈی نے کہاکہ تینوں خاندانوں نے جموں کشمیر کی تعمیر وترقی کی خاطر مختص رقومات کو لوٹ کر لندن کے بینکوں میں جمع کر رکھا ہے ۔
مرکزی وزیران کے مطابق دفعہ۳۷۰کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے ۔
ان باتوں کا اظہار ریڈی نے بانی کٹھوعہ میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔
ریڈی نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر گزشتہ پانچ برسوں سے جو کام کیا اس کے اب مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا’’دفعہ۳۷۰کی منسوخی سے ہی جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا اور سبھی کو مساوی بنیادوں پر انصاف فراہم ہوا‘‘۔
ان کے مطابق موجودہ مرکزی حکومت جس کی قیادت نریندر مودی کر رہے ہیں نے جموں وکشمیر کو امن کا گہوارا بنایا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھایا گیا اور لوگوں کے مسائل بھی حل ہوئے ۔
ریڈی نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی بدولت جموں وکشمیر میں امن ، خوشحالی اور ترقی کا دور چل رہا ہے ۔
مرکزی وزیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ جموں وکشمیر کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچایا جاسکے ۔
ریڈی نے کہا’’اسمبلی چناؤمیں بی جے پی کی جیت یقینی ہے کیونکہ عبداللہ ، مفتی اور نہرو خاندانوں نے جموں وکشمیر کا بیڑا غرق کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کا بھی استحصال کیا ہے ‘‘۔
مرکزی وزیر کے مطابق ہمیں پوری امید ہے کہ اس بار جموں وکشمیر میں بی جے پی اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔