سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ‘ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی دفعہ ۳۷۰کو ضرور بحال کرائے گی چاہئے اس میں طویل عرصہ بھی کیوں نہ لگ جائے ۔
فاروق نے الزام لگایا کہ جموں وکشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے دلی اس کی ذمہ دار ہے ۔
این سی صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ پٹن میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
محبوبہ کے نیشنل کانفرنس کے بارے میں ایک بیان کے متعلق انہوں نے کہا’’وہ بہت کچھ کہتی ہیں ان سے میرا سوال ہے کہ محبوبہ جی کے والد۲۰سال تک کانگریس میں رہے کس نے ان کو پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا‘‘۔
کانگریس لیڈر وقار رسول کے نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد کے بارے میں ایک بیان پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا’’وہ جو چاہئیں کہیں ہم کسی کو روک نہیں سکتے ہیں لیکن ان کی جماعت کے ساتھ ہمارا الائنس ہے ، جو رہے گا‘‘۔
۳۷۰کی بحالی کے متعلق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا’’میرا ان سے سوال ہے کہ ان کی پارٹی کو یہ دفعہ ہٹانے میں کتنے سال لگ گئے ہمیں بھی کئی سال لگ جائیں گے لیکن دفعہ۳۷۰کو ضرور بحال کیا جائے گا‘‘۔
فاروق نے کہا کہ یہ جموں وکشمیر کے تمام لوگوں کی آواز ہے ۔
سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا’’بی جے پی نے جو نوکریوں کے وعدے کئے تھے وہ نوکریاں کہاں گئیں وہ جو کہتے تھے کہ یہاں دفعہ۳۷۰کی وجہ سے دہشت گردی ہے اب وہ یہاں پانچ برسوں سے حکومت کر رہے ہیں تو دہشت گردی کہاں سے آگئی‘‘۔انہوں نے کہا’’جو کچھ یہاں ہو رہا ہے دلی اس کی ذمہ دار ہے ‘‘۔
این سی صدر نے دعویٰ کیا کہ جموں وکشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات نیشنل کانفرنس کانگریس الائنس جیتے گی۔