جموں//
مرکزی وزیر دفا ع راجناتھ سنگھ اتوار کے روز رام بن اور بانہال میں عوامی ریلیوں سے خطاب کرکے بی جے پی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے ۔
اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اتوار کو رام بن اور بانہال میں دو چناو ریلیوں میں شرکت کرکے لوگوں سے مخاطب ہوں گے ۔
یہ ریلیاں۱۸ستمبر کو ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پارٹی امیدواروں کی مہم کا حصہ ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ وزیر دفاع کے بانہال اور رام بن میں عوامی جلسوں کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ راجناتھ سنگھ بی جے پی امیدواروں کی حمایت میں رام بن او ر بانہال میں دو عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔
ذرائع نے بتایا کہ رام بن میں جگہ جگہ سلامتی عملے کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ جلسہ گاہ کے اردگرد بھی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے ۔
جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں ۱۸ستمبر‘۲۵ ستمبر اور یکم اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور نتائج کا اعلان۸؍ اکتوبر کو کیا جائے گا۔