سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا دعویٰ ہے کہ انہیں خاموش کرنے کیلئے جیل سے آزاد امید واروں کو ان کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے ۔
عمر نے کہا’’مجھے احساس تھا کہ دلی مجھے خاموش کرنے کی کوشش کرے گی لیکن اس حد تک جائے گی یہ میں نے سوچا نہیں تھا‘‘۔
این سی نائب صدرکا کہنا تھا’’جب بارہمولہ (لوک سبھا الیکشن) سے میرے خلاف ایک شخص (انجینئر رشید) جیل سے کھڑا ہوئے ، انہوں نے جیل سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ،ایک پیغام ریکارڈ کرایا اور جذبات پر لوگوں سے ووٹ مانگے میں نے اس کو خطرناک نہیں سمجھا‘‘۔
عمر نے کہا’’اس شخص نے مجھے الیکشن میں ہرا دیا لیکن میں نے اس کو کوئی سازش یا دلی کے ایجنڈے کے طور پر نہیں دیکھا‘‘۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا’’اب جب میں نے گاندربل سے اسمبلی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کئے تو ایک بار پھر جیل سے ایک شخص کو میرے خلاف کھڑا کیا گیا تو میں مجبور ہوا یہ سوچنے پر کہ ان لوگوں کو میرے پیچھے ہی کیوں لگایا جا رہا ہے ‘‘۔
این سی نائب صدر نے کہا’’انجینئر رشید کا لوک سبھا الیکشن لڑنا ٹھیک تھا کیونکہ وہ مقامی امید وار تھا لیکن جب ان کو (گاندربل) کا کوئی مقامی جیل میں نہیں مل گیا تو زینہ پورہ شوپیاں سے ایک شخص (برکاتی) کو لایا گیا میں نے پھر بھی سوچا کہ یہ ایک اتفاق ہوگا‘‘۔
عمر کا کہنا تھا’’میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ میں ثابت کرنا چاہتا ہوں کہ یہ میرے خلاف کوئی سازش ہے ‘‘۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا’’میری ٹیم نے کچھ حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کئے یہ انکشاف کئے بغیر کہ ان کو کہاں جمع کرنا ہے‘‘۔
عمر نے کہا’’ہم نے فارمز جمع کئے اور یہ فیصلہ لیا کہ (دوسری سیٹ) کے لئے ہم صبح کو فیصلہ لیں گے کہ کہاں جمع کرنے ہیں گذشتہ روز یہ ثابت ہوا کہ یہ اتفاق نہیں ہے ورنہ مجھے بتائیں کہ یہ شخص گاندربل سے کاغذات جمع کراتا ہے اور اس کے بعد بیروہ سے کاغذات حاصل کرتا ہے یہ سوچتے ہوئے کہ میں وہاں ایم ایل اے رہا ہوں لہذا وہاں سے لڑ سکتا ہوں‘‘۔
این سی نائب صدر کا کہنا تھا’’لیکن جب میں نے دوپہر کو بڈگام حلقے سے کاغذات جمع کئے تو وہ لوگ پکڑے گئے ‘‘۔
عمر عبداللہ نے دعویٰ کیا’’دلی سب سے زیادہ مجھے خاموش کرنے کی کو شش کر رہی ہے کیونکہ میں ہمیشہ لوگوں کے لئے بات کرتا ہوں اور میں لوگوں کے مسائل کو اٹھاتا ہوں، میں جموں وکشمیر کے وقار کی بات کرتا ہوں جس کو ہم سے چھینا گیا ہے ‘‘۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا’’جب میں دلی سے لڑتا ہوں تو میں اپنے یا اپنے خاندان کے لئے نہیں بلکہ جموں و کشمیر کیلئے لڑتا ہوں جس کو بی جے پی پسند نہیں کرتی ہے ۔‘‘