ایجنسیاں
بھدرواہ؍۱۷ جولائی
جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک جبکہ اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے تین اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مبینہ طور پر ایک نوجوان نے ایس او جی اہلکار کی سرکاری رائفل چھیننے کی کوشش کی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے سلسلے میں ایک مذہبی مبلغ کو حراست میں لیا گیا ہے، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس کا واقعے سے کیا تعلق ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق، ایس او جی کی ایک ٹیم نے جمعرات کی رات بھدرواہ قصبے سے تقریباً۳۵ کلومیٹر دور جائی۔گندوہ سڑک پر مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد گھات لگا رکھی تھی۔
رات تقریباً۱۱ بج کر۳۰ منٹ پر ٹیم نے ایک نوجوان کو روکنے کی کوشش کی، جس نے مبینہ طور پر اہلکاروں پر حملہ کیا اور ان کی سرکاری رائفل چھیننے کی کوشش کی۔
افسر کے مطابق’’دھکم پیل کے دوران ایس او جی کے ایک اہلکار نے فائرنگ کی، جس سے نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جبکہ اس جھڑپ میں تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے‘‘۔تمام زخمیوں کو پہلے سب ڈسٹرکٹ اسپتال بھدرواہ منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج، ڈوڈہ بھیج دیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی نوجوان کی شناخت عارف حسین(۳۰) ساکن چیکا گاؤں کے طور پر ہوئی ہے، جو دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ایک مذہبی مبلغ کو بھی حراست میں لے کر واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
احتیاطی اقدام کے طور پر بھدرواہ قصبے میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور جموں و کشمیر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ فوج نے جائی کے پہاڑی علاقے میں تلاشی مہم بھی شروع کر دی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔










