جموں/۶ستمبر
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعہ کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی میں جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے اپنا انتخابی منشور جاری کیا۔
جموں کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی اس تقریب میں موجود تھے۔
منشور کے اجراءکے موقع پر امیت شاہ نے کہا کہ آزادی کے بعد سے جموں و کشمیر کا مسئلہ ہماری پارٹی کے لئے اہم رہا ہے اور ہم نے ہمیشہ اس خطے کو ہندوستان کے ساتھ رکھنے کی کوشش کی ہے۔
شاہ نے کہا کہ پنڈت پریم ناتھ ڈوگرہ کی جدوجہد سے لے کر شیاما پرساد مکھرجی کی قربانی تک اس جدوجہد کو پہلے جن سنگھ اور پھر بی جے پی نے آگے بڑھایا کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر ہمیشہ سے ہندوستان کا حصہ رہا ہے اور رہے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے خطے میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے دیرینہ مسائل پر بھی بات کی اور کہا کہ جموں و کشمیر کو 2014 تک مختلف ریاستی اور غیر ریاستی عناصر کی طرف سے عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑا۔
شاہ نے کہا کہ دیگر تمام حکومتوں نے جموں و کشمیر کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے خوش نودی کی سیاست کی۔ تاہم جب بھی ہندوستان اور جموں و کشمیر کی تاریخ لکھی جائے گی تو 2014 سے 2024 کے درمیان کا عرصہ سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔
نیشنل کانفرنس کے منشور اور اس کی حلیف کانگریس کی خاموش حمایت پر تنقید کرتے ہوئے امیت شاہ نے زور دے کر کہا کہ دفعہ 370 تاریخ ہے، یہ کبھی واپس نہیں آئے گی اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
آرٹیکل 370 وہ چیز تھی جس نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہتھیار اور پتھر دیے۔