سرینگر/۵ستمبر
بی جے پی کے جنرل سکریٹری ‘اشوک کول نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جموں و کشمیر میں تین انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
کول نے یہاں مقامی نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم مودی جموں ڈویڑن میں دو اور کشمیر میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 6 ستمبر کو جموں میں بی جے پی کا انتخابی منشور جاری کریں گے اور دو روزہ دورے پر یہاں آئیں گے۔
بی جے پی یو ٹی کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ امت شاہ جمعہ کو جموں و کشمیر کے اپنے دورے کے دوران وادی کا دورہ بھی کرسکتے ہیں۔
کول نے کہا کہ بی جے پی امیدواروں نے بدھ کو سرینگر میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے اور بہت سے لوگ ان کی حمایت میں نکلے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو نریندر مودی کی قیادت والی حکومت پر بھروسہ ہے اور وہ موجودہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی حمایت کریں گے۔
بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی کی ریلی ڈوڈہ ضلع میں منعقد ہونے کا امکان ہے جو حالیہ دنوں میں دہشت گرد حملوں کا شکار رہا ہے۔
ذرائع نے کہا”جموں کشمیر میں گزشتہ دس سالوں کے دوران بنیادی ڈھانچے، سیکورٹی اور سیاحت کی ترقی کو اجاگر کرنے کےلئے پارٹی کو وزیر اعظم جیسے عظیم کرشماتی رہنما اور بھیڑ کھینچنے والے کی ضرورت ہے“۔
بی جے پی بغیر کسی اتحاد کے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات لڑ رہی ہے۔ جموں و کشمیر پارٹی کے صدر رویندر رینا نے کہا ہے کہ وادی کے کچھ حلقوں میں زمینی حالات کو دیکھتے ہوئے بی جے پی کچھ آزاد امیدواروں کی حمایت کر سکتی ہے۔
کانگریس اور نیشنل کانفرنس (این سی) نے بی جے پی کو متحد مقابلہ دینے کے لئے انتخابات سے پہلے اتحاد کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس 52 نشستوں پر اور کانگریس 31 نشستوں پر امیدوار کھڑے کر رہی ہے جبکہ دونوں پارٹیوں نے دو نشستیں چھوڑی ہیں، ایک وادی میں سی پی آئی (ایم) اور دوسری جموں ڈویڑن میں پینتھرس پارٹی کے لئے۔
جموں ڈویڑن میں نگروٹہ، بانہال‘ڈوڈہ اور بھدرواہ کی پانچ نشستوں اور وادی کے سوپور میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس دونوں اپنے امیدوار کھڑے کریں گی۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی کی 90، وادی میں 47 اور جموں ڈویڑن میں 43 نشستیں ہیں۔ ان میں سے نو ایس ٹی سیٹیں اور سات ایس سی ریزرو سیٹیں ہیں۔