سرینگر/۵ستمبر
نیشنل کانفرنس کے صدر‘ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو مرکز کی بی جے پی زیرقیادت حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نئی دہلی کے غلام نہیں ہیں کیونکہ جموں و کشمیر کے لوگ اس خطے کے حقیقی مالک ہیں۔
ڈاکٹر فاروق نے بی جے پی کے سینئر لیڈر رام مادھو کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہ نیشنل کانفرنس اور دیگر اسمبلی انتخابات میں سابق عسکریت پسندوں کا استعمال کر رہے ہیں، کہا کہ وہ (بی جے پی قائدین) کچھ بھی کر سکتے ہیں اور وہ افراتفری پیدا کرنے کےلئے اس طرح کے سوالات اٹھا سکتے ہیں۔
این سی صدر نے کہا”انہیں پوچھنے دیں کہ انہوں نے پچھلے دس سالوں میں کتنے روزگار دیے ہیں۔ کیا وہ بڑھتی ہوئی افراط زر پر قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں؟ انہوں نے ہم سے سب کچھ چھین لیا اور اب وہ ہماری عزت اور وقار کے پیچھے ہیں“۔
علیحدگی پسندوں اور ان کے رشتہ داروں کی جانب سے الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر فاروق نے جواب دیا کہ اس کا جواب وہ لوگ دے سکتے ہیں جو کل تک پاکستان کی بات کر رہے تھے۔
حقوق کی بحالی کے بارے میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق نے کہا”میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نئی دہلی کے غلام نہیں ہیں۔ ہم جموں و کشمیر کے حقیقی مالک ہیں۔ انہیں میرے الفاظ نوٹ کرنے چاہئیں۔ میں ان کے مہروں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آگاہ رہیں کہ آنے والے وقت میں ایک طوفان آئے گا اور آپ کو اس کا سامنا کرنا پڑے گا۔“