سرینگر/۴ستمبر
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے چہارشنبہ کے روز اپنے سر سے ٹوپی ہٹا دی اور ووٹروں سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی کہ وہ انہیں وسطی کشمیر کی گاندربل اسمبلی سیٹ سے منتخب کریں۔
گاندربل سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے عمر نے آج لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں عوام کی خدمت کرنے کا ایک ہی موقع دیں اور جموں و کشمیر کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں انہیں گاندربل سے منتخب کریں۔ گاندربل میں 25 ستمبر کو انتخابات ہونے والے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کےلئے تین مرحلوں کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ پولنگ 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔
عمر نے کہا”آج میں صرف ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ میری ٹوپی، میری پگڑی اور میری عزت آپ کے ہاتھوں میں ہے“۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے درخواست کی کہ وہ انہیں’ ایک موقع‘ دیں تاکہ وہ صحیح معنوں میں اسمبلی حلقہ کے لوگوں کی خدمت کرسکیں۔
این سی نائب صدر نے کہا”آج میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کر رہا ہوں کہ انتخابات میں میری کامیابی کے لیے ہر دروازے تک پہنچیں“۔
سابق وزیر اعلیٰ نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کامیابی حاصل کرنے کے لئے ایک رسی پکڑیں اور اللہ پر بھروسہ رکھیں۔ عمر نے کہا”اگر ہم ایک رسی پکڑ یں اور اللہ پر اپنا ایمان مضبوط رکھیں، تو کامیابی یقینی طور پر ہماری ہے“۔
عمر نے جب سر سے اپنی ٹوپی اتاری اور پارٹی کارکنوں سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں ان کی عزت رکھنے کی اپیل کر رہے تھے، تو میٹنگ پارٹی کے نعروں سے گونج اٹھی، یہاں تک کہ کچھ پارٹی کارکنوں کو روتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔