جموں//
جموںکشمیر کے ریاسی ضلع میں پتھر کھسکنے اور مٹی کے تودے گر آنے کے نتیجے میں دو یاتری جاں بحق ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پیر کے روز جموں کے ریاسی میں ماتا ویشنو دیوی ٹریک پر مٹی کے تودے اور پتھر گر آئے جس کے نتیجے میں تین یاتری شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے دو یاتریوں کو مردہ قرار دیا۔
لینڈ سلائڈنگ کے پیش نظر یاترا کو فی الحال روک دیا گیا ہے ۔
دریں اثنا حکام نے بتایا کہ بعد دوپہر ماتا ویشنو دیوی ٹرک کے نزدیک بھاری برکم پتھر اور مٹی کے تودے گر آئے ۔انہوں نے کہاکہ موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے اور بھاری برکم پتھر گر آنے کی وجہ سے تین یاتری اس کی زد میں آئے ۔
حکام نے مزید بتایا کہ فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جس دوران ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے یاتریوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر وہ جانبر نہ ہو سکے ۔
ضلعی ترقیاتی کمشنر ریاسی وشیش پال نے دو یاتریوں کے از جان ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے سینئر آفیسران اس وقت جائے موقع پر ہے ۔
حکام نے متوفین کی شناخت۲۷سالہ سپنا ساکن پنجاب گرداس پور اور۲۳سالہ نیہا ساکن کانپور اتر پردیش کے بطور کی ہے ۔ زخمی دوشیزہ کی پہچان سانوی ساکن کانپور کے بطور کی گئی ہے اور اسے شری ماتا ویشنو دیوی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔