نئی دہلی//
کانگریس نے جموں کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے پیر کو چھ امیدواروں کی اپنی دوسری فہرست جاری کی، جس میں جے کے پی سی سی کے صدر طارق حمید قرہ کو سینٹرل شالٹنگ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔
یہ فہرست کانگریس کی سینٹرل الیکشن کمیٹی کی میٹنگ کے فورا بعد جاری کی گئی جس میں انتخابات کے لئے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی، جس میں پارٹی نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد میں مقابلہ کر رہی ہے۔
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر قرہ کے علاوہ پارٹی نے ریاسی سے ممتاز خان‘ ماتا ویشنو دیوی سے بھوپندر جموال‘راجوری (ایس ٹی) سے افتخار احمد‘ تھنہ منڈی (ایس ٹی) سے شبیر احمد خان اور سرن کوٹ (ایس ٹی) سے محمد شاہنواز چودھری کو میدان میں اتارا ہے۔
ان حلقوں میں تین مرحلوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔پارٹی کے ذریعہ اعلان کردہ امیدواروں کی کل تعداد اب ۱۵ ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی، جنرل سکریٹری انچارج (تنظیم) کے سی وینو گوپال، کررا، جموں و کشمیر اسکریننگ کمیٹی کے سربراہ سکھجندر سنگھ رندھاوا اور سینئر لیڈر سلمان خورشید نے یہاں اے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت کی۔
نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے کو حتمی شکل دے دی ہے اور وہ بالترتیب۵۱؍اور ۳۲ نشستوں پر انتخاب لڑیں گے۔
سی پی آئی (ایم) اور جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی (جے کے این پی پی) کو ایک ایک نشست الاٹ کی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے کانگریس نے جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کیلئے نو امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کی تھی ، جس میں پارٹی کے جنرل سکریٹری غلام احمد میر کو ڈورو سے اور جے کے پی سی سی کے سابق سربراہ وکر رسول وانی کو بنیہال سے میدان میں اتارا گیا تھا۔
پارٹی نے ترال سیٹ سے سریندر سنگھ چنی، دیوسر سے امان اللہ منٹو، اننت ناگ سے پیرزادہ محمد سید، اندروال سے شیخ ظفر اللہ، بھدرواہ سے ندیم شریف، ڈوڈا سے شیخ ریاض اور ڈوڈا ویسٹ سے پردیپ کمار بھگت کو بھی میدان میں اتارا ہے۔
جموں و کشمیر میں انتخابات تین مرحلوں میں ہوں گے جن میں۱۸ ستمبر‘۲۵ ستمبر اور یکم اکتوبر شامل ہیں۔