سرینگر//
جموںکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر‘ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز کہاکہ نئی دہلی کشمیری عوام کے مینڈیٹ کو تقسیم کرنے کی ہر ممکن کوشش میں لگی ہوئی ہے ۔
فاروق نے کہاکہ آئے روز نئے خود ساختہ لیڈران میدان میں آرہے ہیں لوگوں کو ان سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔
ان باتوں کا اظہار این سی صدر نے سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
سابق وزیروزیر اعلیٰ نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ پارٹی اُمیدواروں کی کامیابی کیلئے تن دہی سے کام کریں اور دشمنوں کے حربوں کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہ ہونے دیں۔
فاروق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے حکومت میں آنے کی صورت میں اگلے ۵سال کیلئے جموں کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور راحت کیلئے ایک منظم منشور تیار کیا ہے اور پارٹی سے وابستہ ہرایک فرد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس منشور کو گھر گھر خصوصاً نوجوانوں کے پاس لے کر جائیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ نئی دلی کشمیری عوام کے مینڈیٹ کو تقسیم کرنے کی ہر ممکن کوشش میں لگی ہوئی ہے اور آئے روز نت نئے خودساختہ لیڈران میدان میں آرہے ہیں‘ عوام کو ان گندم نما جو فروشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ لوگ باہر سے کچھ اور ہیں اور اندر سے کچھ اور۔
ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ ماضی میں منڈیٹ کی تقسیم کا خمیازہ آج بھی یہاں کے لوگ بھگت رہے ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ اُس پارٹی کو حمایت دی جائے جو اس تاریخی ریاست کو موجودہ دلدل سے نکالنے کی اہل ہو۔