نئی دہلی//عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ پارٹی کے ممبر اسمبلی امانت اللہ خان کو بغیر ثبوت کے گرفتار کیا گیا، جو بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کو مہنگا پڑنے والا ہے ۔
مسٹر سنگھ نے ٹویٹر پر لکھا ”یہ غنڈہ گردی بی جے پی والوں کے لئے بہت مہنگی ثابت ہوگی۔ آپ دہلی میں بری طرح ہاریں گے ۔ امانت اللہ خان کو بغیر ثبوت کے زبردستی گرفتار کیا گیا ہے ۔
تاہم تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) کی طرف سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے دہلی وقف بورڈ سے متعلق معاملے میں آج صبح آپ کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کی تلاش شروع کی تھی۔ پارٹی نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ایم ایل اے اور پارٹی کو توڑنے کے لیے اس طرح کی کارروائی کی جا رہی ہے ۔