سرینگر//
وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے وائل علاقے میں ہفتہ کے روز ایک سڑک حادثہ میں ایک موٹر سائیکل سوار کی موت ہو گئی۔
ایک عہدیدار نے ایک مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل سوار نے ویل علاقے کے قریب اپنا کنٹرول کھو دیا۔
عہدیدار نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار کی شناخت کنگن کے سجاد احمد بنڈے کے طور پر ہوئی ہے جسے شدید چوٹیں آئیں اور اسے فوری طور پر ضلع کے اسپتال گاندربل لے جایا گیا جہاں پہنچنے پر اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
ادھرجموں کے کنجوانی علاقے میں ہفتے کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک۱۸سالہ نوجوان لڑکی کی موت جبکہ۸دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں کے کنجوانی علاقے میں با ٹا شو روم کے نزدیک ہفتے کی صبح ایک منی گاڑی اور سینٹرو گاڑی کے درمیان ٹکر ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ایک نوجوان لڑکی کی موت جبکہ۸دیگر زخمی ہوگئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔
متوفی لڑکی کی شناخت۱۸سالہ سربھی کماری ساکن چک گنگیال کے طور پر ہوئی ہے ۔
زخمیوں کی شناخت۱۶سالہ ثانیہ دختر محمد رفیق ساکن کنجوانی، گوتم شرما ولد منوج کمار ساکن چاتھا، اکیش موہن ولد تلک راج موہن ساکن پنجترتھی، مسکان شرما دختر روحی داس ساکن رتنو چک جموں، ساریتا دختر اوپندر رام ساکن دھیانسر بری برہمنا، نیشا دختر درگا سوانسی ساکن دھیانسر بری برہمنا،سمت کمار ولد ملک راج ساکن ڈوڈہ حال بری برہمنا اور شیوانی دختر راج کمار ساکن کنجوانی کے طور پر کی گئی ہے ۔
ادھر پولیس نے بتایا کہ ڈوڈہ ضلع کے ملہوری گاؤں کے قریب ایک کار کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ۳۶سالہ ممتازہ بیگم جاں بحق اور اس کا شوہر محسن احمد شدید زخمی ہوگیا۔
واقعہ کے وقت دونوں جموں سے کشتواڑ جا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ احمد کو علاج کیلئے جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں الگ الگ کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔