سرینگر/۳۰مئی
جموں و کشمیرگلوبل اسٹریٹجک پالیسی پونے( جی ایس پی ایف پی )نے آج ایک میراتھن کا انعقاد کیا تاکہ نوجوانوں میں منشیات کی لت کی لعنت اور معاشرے میں پھیلی بدعنوانی کو اجاگر کیا جا سکے۔
فردوس بابا‘جو گلوبل اسٹریٹجک پالیسی پونے کے جموں کشمےر شاخ کے سربراہ ہیں‘ نے آج کی تقریب کا اہتمام کیا جس میں آر ٹی او کشمےر‘ساجد نقاش مہمان خصوصی تھے۔
یہ تقریب کشمیر کو منشیات اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ بنانے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔
اس موقع پر مقررین میں فاروق ریشی ایڈووکیٹ اور پیس اینڈ ہارمونی کشمیر چیپٹر کے صدر سماجی کارکن اقبال وانی اور آر ٹی او کشمیر ساجد نقاش اور دیگر شامل تھے۔
مقررین نے نشہ چھڑانے کے مراکز کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ ایسے نوجوانوں کا علاج ہو سکے جو منشیات کی وجہ سے اپنی زندگیاں برباد کر چکے ہیں۔
مقررین نے اس لعنت میں ملوث نوجوانوں کے والدین پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور منشیات کے خاتمے کے لیے حکومت کی مدد کریں۔
وادی کے مختلف حصوں سے نوجوانوں اور بچوں پر مشتمل بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے مقررےن نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی کے خلاف مزید سخت اقدامات کرے۔
سماجی کارکن اقبال وانی کا کہنا تھا”اس میں کوئی شک نہیں کہ یو ٹی انتظامیہ بدعنوان اہلکاروں اور ملازمین کے خلاف کریک ڈاو ¿ن کر رہی ہے جس سے بدعنوانوں میں خوف پیدا ہوا ہے۔ لیکن اے سی بی کو چاہئے کہ وہ این آئی اے جیسی فاسٹ ٹریک عدالتیں بنائے تاکہ ملزمین کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر سزا دی جا سکے“۔
میراتھن کے بعد پرجوش سکول کے بچوں اور نوجوانوں نے منشیات سے پاک اور کرپشن فری کشمیر کے نعرے لگائے۔