جموں//
ایک دفاعی ترجمان کاکہناہے کہ ہفتہ کو جموں کشمیر کے پونچھ ضلع میں مغل روڈ پر فوج اور پولیس کی مشترکہ پارٹی نے ایک بچے سمیت دس مسافروں کو بچالیا ۔
ترجمان نے کہا کہ مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں۱۰ مسافروں کے ساتھ۶ گاڑیاں بغیر نیٹ ورک کے علاقے میں پھنس گئیں جہاں پر مغل روڈ پر پیر کی گلی کے قریب نامساعد موسم کے دوران پتھرگر آنے کا خطرہ تھا۔
ترجمان نے کہا کہ فوج اور پولیس کی طرف سے جمعہ کی رات۱۱ بجے کے قریب ایک ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور چار ٹرک اور دو ہلکی موٹر گاڑیاں پھنسی ہوئی پائی گئیں جن میں مسافر اپنی جانوں کے لیے خوفزدہ تھے۔
ترجمان نے کہا’’انہیں یقین دلانے کے بعد، ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر سڑک کو صاف کرنا شروع کر دیا اور اس کے بعد ایک خاتون اور ایک بچے سمیت ۱۰؍ افراد کو بچا لیا گیا اور انہیں آرمی پوسٹ پوشانہ لایا گیا جہاں انہیں ہیٹنگ کے انتظامات کے ساتھ ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔‘‘