سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں سادھنہ ٹاپ پر ایک خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے دو آئی ای ڈیز کے علاوہ ہیروؤن جیسا مواد بھی بر آمد کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کپوارہ پولیس اور فوج کی۷آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعے کی شام سادھنہ ٹاپ پر معمول کی چیکنگ کے دوران ایک ایل پی ٹرک کو روکا اور اس کی تلاشی کی۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران تین افراد جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ‘ کی تحویل سے ہیروؤن جیسے مواد کے سات پاکیٹ جن کا وزن سات کلو ہے اور دو آئی ای ڈیز بر آمد کئے اور ان تینوں کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت امتیاز احمد ولد حبیب اللہ خان (ٹرک ڈرائیور)، غلام نبی ولد عاشق علی اور شمس بیگم زوجہ ذاکر حسین ساکنان چتر کوٹ ٹنگڈار کے بطور ہوئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا’’ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ یہ تینوں ملی ٹنٹ سر گرمیوں کو فروغ دینے کیلئے وادی کے دوسرے حصوں میں منشیات اور آئی ای ڈیز پہنچا رہے تھے ‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کرناہ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
دریں اثنا فوج نے جموں کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر ہفتہ کو پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع بگیلدرا گاؤں میں تقریباً ۴۴ کلو گرام منشیات برآمد کی جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ہیروئن ہے۔
فوج کے ایک ترجمان کے مطابق‘ سرحد پار سے اسمگل کی جانے والی منشیات کو فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم نے تلاشی آپریشن کے دوران برآمد کیا۔ فوج کے ترجمان نے بتایا کہ تلاشی آپریشن تین دن پہلے شروع کیا گیا تھا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ کھیپ علاقے میں کچھ گھروں کے قریب رکھی ہوئی پائی گئی تھی اور اس کا مقصد اندرونی علاقوں میں اسمگل کیا جانا تھا۔
جس وقت یہ رپورٹ درج کی گئی اس وقت علاقے میں مزید تلاشی جاری تھی۔ ماضی میں پونچھ ضلع میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے اسی طرح کی کارروائیوں کے دوران منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کی گئی ہے۔