جموں//
بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کے جموں کشمیر یونٹ کے صدر‘ رویندر رینا نے جمعرات کے روز کہاکہ بی جے پی نے اسمبلی انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کی ہیں۔
رینا نے کہاکہ جموں میں بی جے پی مضبوط ہے لیکن کشمیرمیں پارٹی کو مضبوط و مستحکم کرنے کی خاطرنوجوان لیڈر بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار رینا نے مینڈھر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو جلد ازجلد جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کا اعلان کرنا چاہئے ۔
رینا نے کہا’’جموںکشمیر میں اس بار ڈبل انجن سرکار بنے گی اور ہمیں پورا یقین ہے کہ لوگ بی جے پی امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے ‘‘۔
بی جے پی یونٹ صدر کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بی جے پی کی ہوگی اور وزیر اعلیٰ بھی ہمارا ہی ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مودی جی جس طرح سے غریبوں کے لئے کام کر رہے ہیں اس سے یہ عیاں ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو میں بی جے پی کے امیدوار کامیابیوں کے جھنڈے گارڈ دیں گے ۔
رینا کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں اس وقت خوشحالی کا دور دورہ ہے اور لوگ آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔
کشمیر میں اپنے امیدوار کھڑے کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں رویندر رینا نے کہاکہ جموں میں بی جے پی مضبوط ہے لیکن کشمیر میں پارٹی کو مضبوطی فراہم کرنے کی خاطر نوجوان لیڈر بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔
ان کے مطابق جموں وکشمیر کی سبھی سیٹوں پر بی جے پی اپنے امیدوار کھڑی کرئے گی اورہمیں پورا یقین ہے کہ اس بار بی جے پی سرکار بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔