سلطان پور//
موچی رام چھیت کا کہنا ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ان کی دکان پر آکر جس چپل کی سلائی کی تھی اس کیلئے انہیں ۱۰ لاکھ روپے کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا اور وہ’خوش قسمت‘چپل کوشیشے کے فریم میں رکھنا چاہتے ہیں۔
موچی نے کہا کہ مختلف سرکاری محکموں کے عہدیداروں نے بھی ان کے مسائل کے بارے میں جاننے کے لئے ان سے رابطہ کیا جب سے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف نے سلطان پور کے مضافات میں ودھیاک نگر علاقے میں ان کی چھوٹی سی دکان کا اچانک دورہ کیا اورانہیں ایک مشہور مقامی شخصیت میں تبدیل کردیا۔
گاندھی ۲۶ جولائی کو چھیت کی دکان پر تھوڑی دیر کے لئے رکے اور ان سے انکی فیملی اور ان کے مسائل کے بارے میں بات کی۔ اس دوران گاندھی نے چیل کی سلائی میں اپنا ہاتھ آزمایا۔
چھیت اب کہتے ہیں کہ گاندھی کے دورے نے ڈرامائی طور پر ان کی قسمت بدل دی ہے، جس سے وہ سرخیوں میں آئے ہیں۔’’میری دنیا مکمل طور پر بدل گئی ہے۔ مجھے پہلے کوئی نہیں جانتا تھا، لیکن اب لوگ میری دکان پر آتے ہیں اور میرے ساتھ سیلفی لیتے ہیں‘‘۔
گاندھی کے ذریعہ سلائی گئی چپل کے بارے میں چیت نے کہا’’مجھے اس چپل کو خریدنے کے خواہش مند لوگوں کے کئی فون آئے ہیں۔ مجھے اب تک موصول ہونے والی سب سے زیادہ پیشکش ۱۰ لاکھ روپے کی ہے۔ پرتاپ گڑھ کے کسی شخص نے منگل کو مجھے فون کیا اور چپل کے لیے ۵ لاکھ روپے دینے کی پیشکش کی۔ جب میں نے انکار کیا تو انہوں نے پیشکش کو بڑھا کر ۱۰ لاکھ روپے کر دیا۔ میں نے ان سے کہا کہ میں اسے فروخت نہیں کروں گا کیونکہ چپل میرے لیے خوش قسمت ہے‘‘۔
یہ پوچھے جانے پر کہ وہ چپل کے ساتھ کیا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، چھیت نے کہا’’میں اسے شیشے میں فریم کروں گا اور اسے اپنی دکان میں رکھوں گا۔ راہل گاندھی میری دکان کے پارٹنر بن گئے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’میری دکان میں بیٹھ کر اور چپل سلائی کرکے راہل گاندھی میرے پارٹنر بن گئے ہیں‘‘۔
چھیت نے کہا کہ گاندھی کے دورے کے بعد سے انہیں سرکاری عہدیداروں کی طرف سے زیادہ توجہ مل رہی ہے۔
موچی کاکہنا ہے ’’ راہل گاندھی کے میری دکان کا دورہ کرنے کے بعد مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے میری پریشانیوں کے بارے میں پوچھنا شروع کر دیا ہے‘‘۔
کانگریس لیڈر اپنے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں ایم پی ایم ایل اے عدالت میں پیش ہونے کے لئے سلطان پور آئے تھے۔
مقامی بی جے پی لیڈر وجے مشرا نے کرناٹک انتخابات کے دوران مئی ۲۰۱۸ میں بنگلورو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف مبینہ قابل اعتراض تبصرہ کرنے پر راہول گاندھی کے خلاف ۴ اگست ۲۰۱۸ کو شکایت درج کرائی تھی۔ (ایجنسیاں)