وایناڈ//
کیرالہ کے وائناڈ ضلع میں بدھ کولینڈ سلائیڈنگ ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر۱۶۷ہو گئی اور۱۹۱لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔
حکام نے بتایا کہ منگل کی صبح میپاڈی کے ویلاریمالا گاؤں کے منڈکئی اور چورمالا میں شدید بارشوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ سے کل۲۰۰؍افراد زخمی ہو گئے ۔ تمام زخمیوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔۵۵۰۰؍افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ۔
اس کے علاوہ چورمالا، اٹامالا اور منڈکئی اور ویلاریمالا گاؤں کا زیادہ تر حصہ لینڈ سلائیڈنگ میں بہہ گیا۔
مندکائی پنچایت کے رکن کے بابو نے کہا’’اب بھی بہت سے لوگوں کے ملبے کے نیچے دبے ہونے کا شبہ ہے ‘‘۔
دریں اثنا، فوج اور کیرالہ فائر فورس نے زخمیوں کو نکالنے اور جائے حادثہ سے لاشوں کو ہٹانے کے لیے منداکئی کو چوری مالا سے جوڑنے والا ایک عارضی پل بنایا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق۷۸لاشیں میپاڈی کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں اور ۳۱ملاپورم ضلع کے نیلامبور ڈسٹرکٹ اسپتال میں رکھی گئی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ مجموعی طور پر۸۳لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے اور۱۴۳لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوچکا ہے ۔ منڈکئی میں تین گھروں کے ملبے سے پانچ لاشیں نکالی گئیں اور دو لاشیں پوٹھوکل میں چلیار ندی سے ملی ہیں، جو منڈکئی میں لینڈ سلائیڈنگ کے مقام سے۳۸کلومیٹر دور ہے ۔ فوج کے تقریباً ۱۵۰جوانوں کی چار ٹیمیں چورمالا میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
ڈیفنس سیکورٹی کور (ڈی ایس سی، کننور یونٹ)، فوج کی مدراس انجینئرنگ ونگ کے علاوہ انڈین نیول اکیڈمی، ایزیمالا، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے بحریہ کے اہلکار دوسرے دن بھی بچاؤ آپریشن میں مصروف ہیں۔
بنگلورو سے مدراس انجینئرنگ گروپ سنٹر سے ایک بیلی برج کو سڑک کے ذریعے لے جایا جا رہا ہے اور بچاؤ کے کاموں کو تیز کرنے کے لیے بقیہ پرزے اور آلات دہلی چھاؤنی سے ہوائی جہاز سے بھیجے جا رہے ہیں۔
ریونیو کے وزیر کے راجن اور دیگر چار وزراء اب بھی بچاؤ اور تلاشی کے کاموں میں مدد کے لیے منڈکئی علاقوں میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔