سرینگر//
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ سوپور میں پیر کے روز کباڑی کی دکان میں ہوئے ایک دھماکے میں چار افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سوپور کے شیر باغ علاقے میں ایک کباڑی کی دکان کا مالک ٹرک سے مال اتار رہا تھا کہ اس دوران ایک دھماکہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں چار افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔
اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اہلکار اور فائر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچ گئے اور ریسکو آپریشن شروع کیا۔
دریں اثنا ایس پی سوپور‘دیویا ڈی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ سوپور کے شیر باغ علاقے میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوئے ۔
ایس پی نے ہلاک شدگان کی شناخت ۴۰ سالہ نذیر احمد ندرو، اعظم اشرف میر(۲۰)،عادل رشید بٹ(۲۳) اور محمد اظہر(۲۵) ساکنان شیر کالونی سوپور کے بطور کی۔
ایس ایس پی نے کہاکہ عبدالرشید بٹ نامی شخص اسکریپ ڈیلر ہے اور پیر کے روز ٹرک سے مال اتارنے کا کام چل رہا تھا کہ اس دوران زور دار دھماکہ ہوا۔
ان کے مطابق ٹرک میں موجود مال لداخ سے آیا تھا ، جس جگہ دھماکہ ہوا وہاں پر سینی ٹائز کا کام بھی شروع کیا گیا ہے ۔ایس ایس پی کے مطابق اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔