سرینگر//
کشمیر میں کئی مقامات پر ریکارڈ توڑ درجہ حرارت کے ساتھ وادی کے کچھ حصوں میں شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ اگلے چار دنوں تک کچھ سابقہ ریکارڈ بھی عبور کر سکتے ہیں۔
جموں و کشمیر کے موسم گرما کے دارالحکومت سرینگر میں گزشتہ ایک دہائی میں جولائی کے مہینے میں دوسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پارہ میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔
رواں ماہ میں تیسری بار سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۶ء۳۵ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جو معمول کے درجہ حرارت سے۷ء۵ ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سرینگر اور جموں شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت یکساں رہا کیونکہ دونوں مقامات پر ایک دن کا درجہ حرارت۶ء۳۵ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ کشمیر کے کچھ حصوں میں اگلے تین سے چار دنوں تک شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ریڈ الرٹ نہیں ہے کیونکہ پارہ ۳۵ سے۳۶ ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہے گا۔
احمد نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ۲۸جولائی کے بعد راحت کی توقع ہے اوردن کے درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ آئے گی۔