سرینگر///
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ‘ترون چگ نے بدھ کے روز کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اسمبلی انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔
چگ نے کہاکہ جموں وکشمیر میں دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان باتوں کا اظہارچگ نے یہاں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری نے کہاکہ جہاں تک جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا تعلق ہے تو بی جے پی نے اس حوالے سے تیاریاں شروع کی ہیں۔
ان کے مطابق بی جے پی نے ہمیشہ لوگوں کی فلاح و بہبود کی خاطر کام کیا ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ اس بار جموں وکشمیر میں بھاجپا اپنے دم پر حکومت بنانے میں کامیاب ہوئے جائے گی۔
چگ نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر میں بی جے پی کا تنظیمی ڈھانچہ کافی مضبوط ہے اور اس بار وادی میں بھی کنول کا پھول کھلے گا۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔
امن و امان کے قیام کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں چوبیس گھنٹے اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہیں۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری نے کہا ’’دہشت گردی کے خلاف موجودہ مرکزی حکومت زیرو ٹرولنس کی پالیسی پر کاربند ہے اور جو کوئی بھی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہوگا اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘‘۔
چگ نے کہاکہ بھاجپا عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہے ، جموں وکشمیر کی ترقی ، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کی خاطر کام کرتے رہیں گے ۔