سرینگر//
وزیر اعظم‘ نریندر مودی کرگل وجے دیوس کی۲۵ ویں سالگرہ کے موقع پر دراس میں وار میموریل پر بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے۲۶جولائی کو لداخ یونین ٹریٹری کا دورہ کریں گے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم۲۶جولائی کو دراس میں واقع وار میمویل پر کرگل وجے دیوس کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب میں حصہ لیں گے اور بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔
ذرائع نے کہا کہ وزیر اعظم۲۶جولائی کی صبح دراس برگیڈ ہیلی پیڈ پر لینڈ کریں گے جہاں لداخ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر برگیڈئیر (ر) بی ڈی مشرا ان کا استقبال کریں گے ۔
دریں اثنا لداخ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر برگیڈئیر (ر) بی ڈی مشرا۲۴جولائی کو دراس پہنچ کر وہاں وزیر اعظم کے دروہ کے پیش نظر کی جا رہی تیاریوں کا جائزہ لیں گے ۔
بتادیں کہ سال۱۹۹۹میں کرگل میں پاکستانی فوج پر ہندوستانی فوج کی فتح کو کرگل وجے دیوس کے طور پر ہر سال منایا جاتا ہے ۔
۱۹۹۹میں پاکستانی فوج اور مختلف تنظیموں کے ملی ٹنٹوں نے دراس سے بٹالک تک لائن آف کنٹرول پر کئی چوٹیوں پر قبضہ کیا تھا۔
بعد ازاں ہندوستانی فوج نے فضائی فوج کی مدد سے پاکستانی فوج اور در اندزوں کو پیچھے دھکیل دیا تھا اور تین ماہ کی جنگ کے بعد ان چوٹیوں پر واپس اپنا قبضہ جمایا تھا۔