سرینگر//
یوتھ کانگریس کارکنوں نے پیر کے روز یہاں ریاستی درجے کی بحالی وغیرہ جیسے معاملوں کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے ۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو بتایا’’ریاستی درجے کی بحالی کے وعدے کو اب تک پورا نہیں کیا گیا بلکہ اس کے بجائے لیفٹیننٹ گورنر کو اس قدر با اختیار بنایا گیا کہ الیکشن کے بعد بھی منتخب سرکار کے پاس حقوق نہیں ہوں گے ‘‘۔
مظاہرین نے کہا’’یہاں حالات بد سے بد تر ہو رہے ہیں اور اب کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی دہشت گردی بڑھ رہی ہے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’یہاں ایل جی بھی باہر کے ہیں اور انتظامیہ کے افسران بھی ملک کی باقی ریاستوں کے ہیں جن کو یہ معلوم نہیں ہے کہ یہاں حالات کیسے سدھارنے ہیں‘‘۔
احتجاجی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کو الیکشن سے پہلے بحال کیا جانا چاہئے اور الیکشن کے بعد منتخب ہونے والی سرکار کو پورے اختیار ملنے چاہئے ۔