بارہمولہ//
سیاحتی مقام گلمرگ میں ’ماحولیاتی خدشات‘اور ’غیر قانونی سرگرمیوں‘ کا حوالہ دیتے ہوئے گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) نے جمعرات کو گلمرگ میں بغیر اجازت خیمے نصب کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، وسیم راجہ، نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے سیاحوں سے گلمرگ میں خمہ زنی سے قبل محکمہ سے باضابطہ اجازت نامہ حاصل کرنے کی تلقین کی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے ’’گلمرگ کے ماحولیاتی نازک علاقہ‘ہے جس کی حفاظت اور دنیا کے مشہور سیاحتی مقام کے طور پر اس کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے خیموں کی تنصیب کے لیے جی ڈی اے سے پیشگی اجازت درکار ہوگی۔‘‘
واضح رہے کہ یہ حکمنامہ بغیر اجازت کے نصب کیے جانے والے خیموں کی بڑھتی تعداد کے پس منظر میں جاری کیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ بڑھتے ہوئے خیموں کی وجہ سے گلمرگ میں کوڑا کرکٹ، سر سبز ڈھلانوں پر غیر قانونی پارکنگ، سبزہ زاروں میں آگ لگانے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے یہ حکمنامہ جاری کیا گیا ہے۔
گلمرگ میں خیمے نصب کرنے کے لئے جی ڈی اے نے خواہشمند افراد، سیاحوں کو ای میل یا واٹس ایپ کے ذریعے اجازت حاصل کرنے کی سہولت رکھی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں بڑھتی ہوئی سیاحی سرگرمیوں کو جہاں معاشی طور پر کافی مثبت سمجھا جا رہا ہے وہیں ماہرین بڑھتی ہوئی سیاحت کو ماحولیات کے لیے منفی قرار دے رہے ہیں۔